نئی دہلی :
بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما اور نوین جندل کے پیغمبر اسلام کے بارے میں دیے گئے بیان پر ملک میں ہنگامہ بڑھتا جا رہا ہے۔ اتر پردیش میں اس بیان کے بعد کئی شہروں میں تشدد کے واقعات پیش آئے۔ ادھر پریاگ راج میں نماز جمعہ کے بعد تشدد بھڑک اٹھا تھا۔
پریاگ راج میں تشدد کے کلیدی ملزم بنائے گئے جاوید احمد عرف پمپ کے گھر کو انتظامیہ نے تشدد کے اگلے ہی دن منہدم کر دیا۔ جاوید کو پولیس نے ہفتے کے روز گرفتار کیا تھا، جب کہ اتوار کو ان کا گھر مسمار کر دیا گیا۔
پریاگ راج ڈیولپمنٹ اتھارٹی (PDA) جس نے گھر کو مسمار کرنے کی کارروائی کی۔ ان کے ایک اہلکار نے بتایا کہ جاوید کا مکان نقشہ پاس کرائے بغیر بنایا گیا ہے۔ اسی وجہ سے یہ مکان گرا دیا گیا۔
بلڈوزر کی کارروائی کی اس خبر کو ہندی اخبارات نے پہلے صفحہ پر نمایاں جگہ دی ہے۔ دینک جاگرن، دینک بھاسکر، ہندوستان اور امر اجالا نے لیڈر نیوز کےطور پر گھرگرائے جانے کی فوٹو کا استعمال کیا ہے ۔ ملک کے کئی شہروں میں نماز جمعہ کے بعد تشدد کے واقعات ہوئے تھے۔ اخبارات نے اس سے متعلق تمام خبروں کو جگہ دی۔ اس کے ساتھ سب نے جاوید کے منہدم گھر کی تصویر بھی شائع کی۔
دینک جاگرن
ہندی پٹی میں سب سے زیادہ پڑھے جانے والے اخباروں میں سے ایک دینک جاگرن ریاست میں بلڈوزر کی کارروائیوں کو درست قرار دے رہا ہے۔ اخبار نے پریاگ راج میں بلڈوزر کی کارروائی پر خبر شائع کی۔ خبر کی سرخی ہے- ’’پریاگ راج تشدد کی سازش کرنے والوں کا گھر مسمار کر دیا گیا‘‘۔ اخبار نے کسی دوسرے رخ کو جانے بغیر خبر شائع کی ہے ۔
خبر میںنیچے بتایا گیا ہے ’’ جاوید کی بیٹی کا شاہین کنکشن ‘‘، جس میں بتایا گیا کہ دہلی فساد میںمرکز ی ملزم بنائے گئے شرجیل امام اور شاہین باغ میں سی اے اے مخالف مظاہرے سے بھی کنکشن ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ JNU کی طالبہ آفرین نے دہشت گرد افضل گرو کے حق میں کئی متنازع ریمارکس دیے تھے۔ پولیس تشدد میں آفرین کے کردار کی بھی تفتیش کر رہی ہے۔
دینک بھاسکر
دینک بھاسکر نے نئی دہلی ایڈیشن میں اس خبر کو نمایاں طور پر شائع کیا ہے۔ بھاسکر کی خبر میں ریاست کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر حصوں میں بھی تشدد کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ اخبار نے لکھا کہ جاوید احمد نے پولیس کو کافر کہہ کر لڑکوں کو اکسایا اور تبھی تشدد شروع ہوگیا، حالانکہ بھاسکر کی خبر میں جاوید کی بیٹی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا ہے۔ جیسا کہ دوسرے اخبارات نے رپورٹ کیا ہے۔
امر اجالا
امر اُجالا اخبار نے سرخی دی – ’’ماسٹر مائنڈ کے گھر پر چلا بلڈوزر‘‘۔ اس خبر میں جاوید کے گھر کو مسمار کرنے کا بتایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کے ساتھ وزیر اعلیٰ کا بیان بھی شائع کیا گیا ہے۔ یہ اخبار کی لیڈ خبر ہے۔
امر اُجالا نے بتایا کہ جاوید نے نقشہ پاس کیے بغیر مکان بنایا تھا۔ گھر گرائے جانے سے جاوید کو ایک کروڑ کا نقصان ہوا۔ ساتھ ہی جاگرن نے پانچ کروڑ کے نقصان کی بات کہی ہے۔ خبر میں کہا گیا ہے کہ ماسٹر مائنڈ جاوید کے گھر سے دو پستول بھی ملے ہیں، ساتھ ہی قابل اعتراض پوسٹرز اور جھنڈے بھی برآمد ہوئے ہیں۔
ہندوستان
بلڈوزر کی کارروائی پر ہندوستان نے سرخی دی ہے، ’’یوپی میں تشدد کے ملزمان کا گھر ٹوٹا، بنگال میں ہنگامہ‘‘۔ اخبار نے یوپی کے واقعہ کے علاوہ بنگال کے نادیہ میں ہونے والے تشدد کے بارے میں بھی بتایا ہے۔ ہندوستان نے لکھا، تقریباً 1.5 کروڑ کی لاگت سے بنائے گئے اس گھر کو گرانے میں حکام کو چھ گھنٹے لگے۔ اخبار نے اس توڑ پھوڑ کے بعد جے این یو میں ہونے والے احتجاج کے بارے میں بھی بتایا ہے، جہاں جاوید کی بیٹی زیر تعلیم ہے۔
(بشکریہ: نیوز لانڈری)