ٹاؤن: جنوبی افریقہ میں دنیا کے پہلے ہم جنس پرست امام محسن ہینڈرکس کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق، حملہ آوروں نے انہیں جنوبی شہر گیبرہ کے قریب نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق، محسن ہینڈرکس ایک دوسرے شخص کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے، جب ایک گاڑی ان کے سامنے آکر رک گئی۔ دو نامعلوم حملہ آوروں نے گاڑی پر فائرنگ کی، جس میں محسن ہینڈرکس موقع پر ہلاک ہو گئے، جبکہ ان کے ساتھ موجود ڈرائیور محفوظ رہا۔
قتل کے پیچھے اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جو بھی اس کیس میں مدد فراہم کر سکتا ہو، وہ فوری طور پر آگے آئے۔محسن ہینڈرکس کا تعلق ایل جی بی ٹی کیو مسلم کمیونٹی سے تھا اور وہ 1996 میں ہم جنس پرست کے طور پر سامنے آئے تھے۔ وہ جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن کے قریب الغربہ مسجد میں امامت کرتے تھے، جو ہم جنس پرست مسلمانوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ سمجھی جاتی تھی۔یہ قتل جنوبی افریقہ میں ٹارگٹ کلنگ اور مذہبی آزادی کے حوالے سے نئے سوالات کو جنم دے رہا ہے، جبکہ ایل جی بی ٹی کیو تنظیموں نے محسن ہینڈرکس کے قتل کی مذمت کی ہے اور اس واقعے کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے