بھاگلپور میں وزیر اعظم نریندر مودی کی کسان سمان مہاریلی تھی، اس کے پروگرام کے بعد، بی جے پی کے سینئر لیڈر بھاگلپور کے سرکٹ ہاؤس میں تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، مرکزی وزیر گری راج سنگھ، بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ جیسوال سمیت کئی سینئر لیڈر موجود تھے، لیکن اس بات چیت کے دوران نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وزیر گری راج سنگھ نے کچھ ایسا کہا کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا۔
ویڈیو میں نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ بات کرتے نظر آ رہے ہیں۔ بہار انتخابات کی حکمت عملی پر بات ہو رہی ہے۔ آپسی بات چیت کے دوران تمام لیڈر آپس میں اسی مسئلہ پر بحث کرتے نظر آئے کہ لالو یادو اور تیجسوی یادو پر بیان دینے سے نقصان ہو سکتا ہے یا فائدہ؟ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اب آر جے ڈی نے بھی جوابی حملہ شروع کر دیا ہے۔جب بی جے پی لیڈروں کی بحث کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو آر جے ڈی نے جوابی وار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں سمراٹ چودھری کہہ رہے ہیں کہ تیجسوی یادو پر زیادہ بولنے سے نقصان ہوگا، اس لیے ہمیں تیجسوی پر زیادہ حملہ نہیں کرنا چاہیے۔ویڈیو میں دیکھا جا رہا ہے کہ سمراٹ چودھری گری راج سنگھ کی طرف اشارہ کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ہمیں تیجسوی یادو پر زیادہ نہیں بولنا چاہیے، ہم لالو پر بول سکتے ہیں۔ اس کے بعد گری راج سنگھ ہاتھ جوڑ کر سمراٹ چودھری کو کہہ رہے ہیں، ہاں بالکل، حالانکہ ‘روزنامہ خبریں’ وائرل ویڈیو کی تصدیق نہیں کرتا۔