دیوبند:مدرسہ دارالعلوم عثمانیہ ثاقب کالونی دیوبند میں دستار فضیلت کے موقع پر ایک دعائیہ تقریب منعقد ہوئی ،جس کی صدارت ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند کے استاذ حدیث مولانا مفتی منتظر حسن نے کی اور نظامت کے فرائض مفتی عادل نے انجام دیئے ۔ پروگرام آغاز مدرسہ کے طالب علم محمد عامر کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا ۔ مہمان خصوصی کے طور پر جمعیۃ کے ضلع جنرل سکریٹری ذہین احمد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر مفتی منتظر نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن کی مخالفت میں پہلے بھی آوازیں بلند ہوتی رہی ہیں لیکن مخالفین کو ہمیشہ رسوائی ہاتھ لگی ہے کیونکہ قرآن کریم کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمہ لے رکھی ہے ۔
دریں اثناء وسیم رضوی کے ذریعہ قرآن حکیم میں تحریف کا مطالبہ کرنے کو لیکر یہاں ہنوز شدید غم وغصہ پایاجارہاہے۔ اس سلسلہ میں آج محمد عدنان خان ایڈکیٹ نے سہارنپور کلکٹریٹ میںپہنچ کر ایس ایس پی سہارنپور کے توسط سے ڈی جی پی یوپی کو ایک مکتوب ارسال کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ وسیم رضوی کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ قائم کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میںلائی جائے کیونکہ وہ ملک میںنفرت او ر فسادپھیلانا چاہتے ہیں ،ملک کی ترقی اور بھلائی کے لئے ایسے عناصر پر قدغن لگایا جانا بہت ضروری ہے۔ایڈوکیٹ عدنان خان نے ڈی جی پی کو بھیجے گئے میمورنڈم میں کہاہے کہ وسیم رضوی کے ذریعہ قرآن حکیم کے خلاف بیان بازی کرکے اور سپریم کورٹ میں مذموم عرضی دائر کر کے ملک میں نفرت پھیلانا چاہتے ہیں، انہوںنے کہاکہ وسیم رضوی نے مذہبی جذبات بھڑکاکر ملک میں نفرت اور فساد پھیلانے کاکام کیا ہے۔ انہوں نے ڈی جی پی اترپردیش سے مطالبہ کیاہے کہ وسیم رضوی کے خلاف مقدمہ قائم کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ ملک میںنفرت پھیلانے والے عناصر پر قدغن لگایا جاسکے۔