فتح پور: اترپردیش کے فتح پور ضلع میں بلڈوزر چلانے کا ایک چونکا دینے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فتح پور کے تمبیشور مندر کے پیچھے واقع ایک قبرستان میں نامعلوم افراد نے دو بلڈوزر کی مدد سے وہاں بنائی گئی قبروں کو مسمار کرکے پوری زمین برابر کر دی۔ قبروں کو بلڈوزر سے گرائے جانے کی خبر پر علاقہ کی مسلم کمیونٹی میں بجلی بن کر گری ۔ معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ریونیو اہلکاروں کے ساتھ مل کر قبرستان پر بلڈوزر چلانے والوں کی تلاش میں لگ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں جو بھی قصوروار پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی.
کمال یہ ہے کہ یہ واقعہ دن دہاڑے انجام دیا گیا اور مندر کے پیچھے واقع قبرستان کو میدان میں تبدیل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تحصیلدار وجے پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ قبرستان گٹا نمبر 300 میں رجسٹرڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی قبرستان کی اراضی پر بلڈوزر چلایا ہے اس کی تلاشی لی جائے گی اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ فی الحال پولیس ریونیو اہلکاروں کے ساتھ مل کر ان لوگوں کی تلاش کر رہی ہے جنہوں نے قبرستان کی زمین پر بلڈوزر کا استعمال کیا ہے۔
••بجرنگ دل کا مطالبہ
دریں اثنا، بجرنگ دل کے ضلع کنوینر دھرمیندر سنگھ نے کہا ہے کہ مندر کے پیچھے قبرستان نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمبیشور مندر ایک سدھا پیٹھا مندر ہے اور اس پر لاکھوں لوگوں کا عقیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی آستھا کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ مسلم کمیونٹی کو کسی اور جگہ زمین دے اور وہاں نیا قبرستان بنائے۔ موقع پر پہنچے ایس ڈی ایم، سی او اور تحصیلدار نے کہا کہ معاملے کی مکمل جانچ کی جائے گی اور جس نے بھی بلڈوزر چلا کر قبرستان کو تباہ کیا اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔