نئی دہلی: (آر کے بیورو) جماعت اسلامی ہند کے امیرسید سعادت اللہ حسینی نے اپیل کی ہے کہ 2025 کو "فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اعتماد اور افہام و تفہیم کا سال” قرار دیا جائے، انہوں نے اسلامو فوبیا، نفرت انگیز تقاریر،میں خطرناک حد تک اضافے ۔ ہجومی تشدد، اور مذہبی امتیازکے خلاف انتباہ کیا جبکہ سیاسی قوتوں پر فرقہ وارانہ پولرائزیشن کو ہوا دینے کے لیے مذہب کو ہتھیار بنانے کا الزام لگایا۔جے آئی ایچ کے ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں سید سعادت اللہ حسینی نے انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ کانفلیکٹ اسٹڈیز کے ایک چونکا دینے والے مطالعے پر روشنی ڈالی، جس میں انکشاف کیا گیا کہ فرقہ وارانہ تنازعات سے متاثرہ علاقوں کو معاشی ترقی میں خطرناک حد تک 1.5 فیصد کمی کا سامنا ہے، جو عدم توازن کے تباہ کن اثرات کو ظاہر کرتا ہے۔
امیر جماعت نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان ہمیشہ سے ایک گہرا مذہبی ملک رہا ہے جس کے پاس بقائے باہمی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بھرپور میراث ہے، انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ مذہبی رہنماؤں اور اداروں نے تنوع میں اتحاد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تاہم، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ یہ برسوں پرانی روایت اب اسخطرے میں ہے۔ سینٹر فار اسٹڈی آف سوسائٹی اینڈ سیکولرازم (سی ایس ایس ایس) کی 2024 کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، جس میں پچھلے سال کے مقابلے فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات میں 84 فیصد کے حیران کن اضافے کا انکشاف ہوا ہے، مسٹر حسینی نے زور دے کر کہا کہ اس بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ملک کا گہرس اخلاقی، روحانی، اور معاشی نقصان کیا ہے
جے آئی ایچ کے صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے عوام ملک میں فرقہ پرست اور فاشسٹ طاقتوں کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانے اور شکست دینے کی طاقت ہے اور وہ دانشمند ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ JIH اس مقصد کے لیے دھارمک جن مورچہ اور سدبھاونا منچ جیسے مؤثر اقدامات کے ذریعے انتھک محنت کر رہی ہے، جس نے بین المذاہب مکالمے ، امن کو فروغ دینے اور اتحاد کا پل بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ جماعت اسلامی کے نائب امیرپروفیسر سلیم انجینئر، جنہوں نے پریس کانفرنس کے دوران سید سعادت اللہ حسینی کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا، دھارمک جن مورچہ اور سدبھاونا منچ جیسے اقدامات میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں،ان کے ساتھ نائب امیر جماعت ملک معتصم خان بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے ، امیر جماعت نے اعلان کیا کہ تنظیم نے 2025 کو "فرقہ وارانہ ہم آہنگی، اعتماد اور افہام و تفہیم کا سال” قرار دیا ہے، اور اس اہم سال میں سماجی ہم آہنگی، انصاف کے لیے متحد کوششوں پر زور دیا انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مستقبل کو بہتر بنایا جاسکے اس کے لیےدوگنی کوششیں کرنی ہوں گی- امیر جماعت نے مذہبی اور سماجی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ امن اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں آگے بڑھیں اور اس اہم کاز کی قیادت کریں،انہوں نے ہر شہری سے ایک تبدیلی لانے والے سال 2025 کے لیے متحد ہونے کی اپیل کی، ایسا سال جو پورے ہندوستان میں اعتماد کو مضبوط کرے گا، رواداری کو فروغ دے گا اور بین المذاہب مفاہمت کو فروغ دے گا۔