نئی دہلی: اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے جمعہ کو امید ( UMEED) پورٹل پر وقف املاک کے اندراج کی آخری تاریخ میں توسیع سے انکار کیا تاہم کہا کہ ان لوگوں کے لئے ایک راستہ تلاش کیا جائے گا جنہوں نے رجسٹریشن کی کوشش کی لیکن اسے مکمل نہیں کر سکے اور وہ اگلے تین ماہ تک جرمانے سے مستثنیٰ ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے 6 ماہ کی مدت مقرر کرتے ہوئے اسے براہِ راست بڑھانے کی اجازت نہیں دی تھی، اس لیے حکومت تاریخ میں توسیع نہیں کر سکتی۔ تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جو لوگ اندراج کی کوشش کرتے رہے، ان کے خلاف آئندہ تین ماہ تک کوئی سختی، جرمانہ یا قانونی کارروائی نہیں ہوگی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جمعہ کی صبح تک 1.51 لاکھ جائیدادوں کا اندراج ہو چکا ہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ان میں کرناٹک سب سے آگے ہے جہاں 50,800 املاک کا اندراج مکمل ہوا۔ پنجاب، جموں و کشمیر اور چند دیگر ریاستوں نے بھی بہتر پیش رفت دکھائی، جب کہ کئی بڑے صوبے اس عمل میں پیچھے رہ گئے۔انہوں نے کچھ ریاستی حکومتوں پر عدم تعاون کا شکوہ بھی کیا اور کہا کہ کئی مقامات پر لوگوں تک مناسب آگاہی نہیں پہنچائی گئی۔ وزیر نے اپیل کی کہ صوبائی حکومتیں آئندہ ذمہ داری سے کام کریں تاکہ وقف املاک کے اندراج میں شفافیت آئے اور تنازعات کم ہوں۔
مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ وہ متولی جنہوں نے پورٹل پر بالکل رجسٹر نہیں کیا ہے وہ اپنے متعلقہ وقف ٹریبونل سے رجوع کر سکتے ہیں۔مرکز نے تمام وقف املاک کو جیو ٹیگ کا کرنے کے بعد ڈیجیٹل انوینٹری بنانے کے لیے 6 جون کو یونیفائیڈ وقف مینجمنٹ، ایمپاورمنٹ، ایفیشنسی، اینڈ ڈیولپمنٹ (UMEED) ایکٹ کا مرکزی پورٹل شروع کیا ہے۔
پورٹل کی دفعات کے مطابق ملک بھر میں تمام رجسٹرڈ وقف املاک کی تفصیلات چھ ماہ کے اندر اپ لوڈ کرنا ضروری ہے۔ رجسٹریشن کے لیے چھ ماہ کی آخری تاریخ 5 دسمبر (جمعہ) کو ختم ہو رہی ہے۔رجیجو نے کہا کہ، "وقف قانون بنانے کے بعد، ہم نے امید پورٹل شروع کیا تھا اور پورٹل پر تمام وقف املاک کو رجسٹر کرنے کے لیے متعلقہ فریقوں کو چھ ماہ کی مدت دی گئی تھی۔ آج آخری دن ہے، اور لاکھوں وقف املاک کا ابھی تک اندراج نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا، "بہت سے ممبران پارلیمنٹ اور سماجی رہنما میرے پاس یہ درخواست کرنے آئے تھے کہ 9 لاکھ سے زیادہ وقف املاک کے رجسٹریشن میں مسائل کا سامنا ہے اور آج آخری دن ہے، اس لیے آخری تاریخ میں توسیع کی جائے۔ اب تک امید (UMEED) پورٹل پر 1.51 لاکھ سے زیادہ وقف املاک کا اندراج کیا جا چکا ہے۔”انہوں نے کہا، "میں ان تمام متولیوں کو یقین دلاتا ہوں جنہوں نے کوشش کی لیکن رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں کر سکے، ہم آپ کے لیے کوئی راستہ نکالیں گے اور اگلے تین ماہ تک، ہم کوئی جرمانہ عائد نہیں کریں گے اور نہ ہی کوئی سخت کارروائی کریں گے۔ تین ماہ میں رجسٹریشن کروا لیں۔”جو لوگ پورٹل پر رجسٹریشن نہیں کرا سکے وہ اپنے متعلقہ ٹربیونلز سے رجوع کریں۔








