امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اقتدار میں واپسی سے صرف پانچ دن قبل قیدیوں کی رہائی اور اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی تعریف کی۔
ٹرمپ نے جو بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے باضابطہ اعلان کیے جانے سے قبل ‘ٹروتھ سوشل’ پر لکھا کہ "ہمارے پاس مشرق وسطیٰ میں قیدیوں کے متعلق ایک معاہدہ آگیا، یرغمالی جلد رہا ہو جائیں گےٹرمپ نے ایک بیان میں یہ بھی کہا کہ یہ عظیم جنگ بندی معاہدہ نومبر میں ہماری تاریخی فتح سے ممکن ہوا۔ اس فتح نے پوری دنیا کو یہ اشارہ دیا کہ میری انتظامیہ تمام امریکیوں اور ان کے اتحادیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے امن اور مذاکرات پر عمل کرے گی۔ میں واپس آکر بہت خوش ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اس معاہدے کے اختتام کے ساتھ میری قومی سلامتی کی ٹیم مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی سٹیو وٹ کوف کی کوششوں کے ذریعے اسرائیل اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ غزہ پھر سے دہشت گردی کا شکار نہ ہو اور دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہ بنے۔ ہم پورے خطے میں طاقت کے ذریعے امن کو فروغ دینا جاری رکھیں گے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ "یہ نا صرف امریکہ بلکہ دنیا کے لئے آنے والی عظیم چیزوں کا آغاز ہے!”انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے وائٹ ہاؤس سے باہر رہتے ہوئے بھی بہت کچھ حاصل کرلیا ہے۔ ذرا تصور کریں کہ ان تمام حیرت انگیز چیزوں کا جب میں وائٹ ہاؤس واپس آؤں گا۔ میری انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے کہ وہ امریکہ کے لیے مزید فتوحات حاصل کر سکے۔