غزہ کی پٹی پر سب سے بڑا علاقہ غزہ شہر کا ہے۔جنگ سے پہلے غزہ شہر جو کہ 48 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے سات لاکھ 75 ہزار افراد کا مسکن تھا جبکہ غزہ کی کل آبادی 21 لاکھ ہے۔
یہ شہر دنیا کی سب سے گنجان ترین آبادیوں میں سے ایک ہے۔یآریگن سٹیٹ یونیورسٹی اور CUNY گریجوایٹ سینٹر کی جانب سے سیٹلائیٹ ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ جس کے مطابق غزہ شہر غزہ کی پٹی پر شمال میں ہے اور یہ ان پہلے علاقوں میں شامل ہے جنھیں اسرائیل نے جنگ کے آغاز میں سب سے پہلے نشانہ بنایا تھا اور یہاں بہت زیادہ تباہی ہوئی تھی۔
غزہ شہر میں الشفا ہسپتال ہے جو کہ پورے غزہ کے لیے سب سے بڑی طبّی سہولت تھی۔ اس کے بہت بڑے حصے کو گذشتہ برس اسرائیل نے دو ہفتوں تک نشانہ بنا کر تباہ کر دیا لیکن یہ اب بھی کچھ حد تک طبّی امداد فراہم کر رہا ہے اور اس کا ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ بھی کھلا ہوا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے اندازوں کے مطابق دس لاکھ افراد اب بھی غزہ شہر میں رہ رہے ہیں جنھیں اسرائیل کے نئے منصوبے پر عملدرآمد کی صورت میں مزید جنوب کی جانب نقل مکانی کرنی ہو گی۔تاہم اس وقت وہاں کتنے لوگ موجود ہیں اس کی حتمی تعداد بتانا ممکن نہیں کیونکہ اسرائیلی حکومت کسی بھی بین الاقوامی خبر رساں ادارے کو غزہ میں آزادانہ رپورٹنگ کرنے کی اجازت نہیں دے رہی۔








