اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بدھ کی شام امریکی صدر جو بائیڈن سے فون پر بات کی، سات ہفتوں میں پہلی بار ہونے والی اس بات چیت سے متعلق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو پر زور دیا ہے کہ لبنان بالخصوص بیروت کے گنجان آباد علاقوں میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔‘
امریکی صدر کی جانب سے لبنانی اور اسرائیلی شہریوں کو محفوظ طریقے سے ان کے گھروں تک واپس بھیجنے کے لیے سفارتی اور مزاکراتی عمل کو بحال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔نائب صدر کملا ہیرس کے ہمراہ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران بائیڈن نے ایک بار پھر اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کی ’واضح طور پر مذمت‘ کی اور اسرائیل کی سلامتی کے لیے امریکہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
رہنماؤں نے غزہ میں جانی نقصان اور حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی رہائی کے لئے بھی سفارتکاری اور مزاکرات کا راستے اپنانے پر تبادلہ خیال کیا۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے دونوں رہنماؤں کی ٹیلیفونک گفتگو سے متعلق جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں مُمالک نے مستحکم تعلقات اور انتظامی سطح پر ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔