نئی دہلی ( آر کے بیورو)بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے دربھنگہ میں ایک پروگرام میں اس وقت سب کو حیران کر دیا جب انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے پاؤں چھونے کی کوشش کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں 73 سالہ نتیش کمار 74 سالہ پی ایم مودی کی طرف ہاتھ جوڑ کر ان کے پاؤں چھونے کے لیے جھکتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ اس طرح کایہ تیسرا واقعہ ہے۔
نتیش کمار کی جے ڈی یو لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی دوسری سب سے بڑی اتحادی بن کر ابھری اور اس سال مسلسل تیسری بار حکومت بنانے میں مدد کی۔ بی جے پی اپنے طور پر اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اکثریت کا ہندسہ عبور کرنے کے لیے جے ڈی یو اور چندرابابو نائیڈو کی ٹی ڈی پی پر منحصر ہے۔
بہار میں بی جے پی کی مدد سے نتیش کمار کی حکومت چلانے کو لے کر افواہوں کا بازار گرم ہے۔ کبھی نتیش کمار کی بیماری کی افواہیں پھیلتی ہیں تو کبھی این ڈی اے سے ان کے نکلنے کی افواہیں ۔ بہار میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہیں اور اس سے قبل تمام سیاسی پارٹیاں اپنے اپنے مہرے چلنےمیں مصروف ہیں۔ ان دنوں نتیش کمار اپنے سرکاری دفتر میں کم اور گھر سے زیادہ حکومت چلاتے نظر آرہے ہیں۔ اپوزیشن لیڈروں کا کہنا ہے کہ پہلے نتیش ںاںو، مودی سے اس طرح نہیں ملتے تھے، لیکن جب سے ان کی پارٹی کا بی جے پی کے ساتھ اتحاد ہے، وہ ان کے پاؤں چھونے کی طرف بڑھے ہیں۔ لوگوں کا سوال ہے کہ نتیش کی کیا مجبوری ہے کہ انہیں پی ایم مودی کے پاؤں چھونے پڑے۔ لیکن ابھی تک جواب نہیں ملا۔
بدھ کو پیروں کو چھونے کی کوشش کا واقعہ دربھنگہ میں ایک پروگرام میں پیش آیا جہاں پی ایم مودی نے ایمس کا سنگ بنیاد رکھا اور تقریباً 12,100 کروڑ روپے کے کئی بڑے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ تقریب میں پی ایم مودی نے بہار کو تبدیل کرنے اور اسے "جنگل راج” سے نکالنے کے لیے نتیش کمار کی تعریف کی۔ ایک طرح سے یہ آر جے ڈی اور لالو پرساد یادو پر طنز تھا۔ کیونکہ بی جے پی جنگل راج کے لیے لالو یادو کو ذمہ دار ٹھہراتی ہے۔ مودی نے کہا- "نتیش کمار نے ریاست کو جنگل راج کے دور سے نکال کر گڈ گورننس کا ایک ماڈل قائم کیا ہے، اس کامیابی کی کوئی تعریف نہیں کی جا سکتی۔وزیر اعظم نے این ڈی اے کے دور حکومت میں بہار کے صحت کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری کو بھی اجاگر کیا۔ مودی نے کہا، "بہار میں بہت ترقی ہو رہی ہے۔ بہار میں پچھلی حکومت نے صحت کے بنیادی ڈھانچے کی کبھی فکر نہیں کی۔ انہوں نے جھوٹے وعدے کیے، لیکن نتیش کمار کے اقتدار میں آنے کے بعد حالات میں بہتری آئی ہے۔”