احمدآباد: بھارت آسٹریلیا ورلڈ کپ کے فائنل میچ کے دوران پچ پر ویراٹ کوہلی کے قریب آنے والے شخص کو احمد آباد پولیس نے حراست میں لے لیا۔
اس شخص نے ‘آزاد فلسطین’ کی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی اور اس کے ہاتھ میں جھنڈا تھا۔ وہ پچ پر ویراٹ کوہلی کے قریب آیا۔ اس نے کوہلی کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔ کچھ دیر کے لیے میچ میں خلل پڑا اور پھر سیکیورٹی اہلکار اسے باہر لے گئے۔
پولیس کی تحویل میں لیتے وقت اس شخص نے اپنے بارے میں بتایا اور کہا کہ وہ آسٹریلیا کا رہائشی ہے۔
نیوز ایجنسی اے این آئی نے ایک ویڈیو جاری کیا ہے جس میں یہ شخص اپنا نام جانسن بتا رہا ہے۔ اس شخص کا کہنا ہے کہ ‘اس کا تعلق آسٹریلیا سے ہے اور وہ میدان میں ویراٹ کوہلی سے ملنے گیا تھا۔’
اس نے کہا کہ وہ فلسطین کا حامی ہیے۔ اس کی ٹی شرٹ پر آگے لکھا تھا ‘Stop Bombing Palestine’ اور پیچھے ‘Free Palestine’ لکھا ہوا تھا۔ یہ شخص میدان میں داخل ہوا اور ویراٹ کوہلی کے قریب آگیا۔
تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس شخص نے کوہلی کے کندھے پر ہاتھ رکھا۔ اس دوران کوہلی قدرے بے چین نظر آئے، حالانکہ ان کی طرف سے کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔
بعد میں جب سیکورٹی اہلکار اس شخص کو لے جا رہے تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ وہ کوئی نعرہ لگا رہا ہے۔بعد میں اسے احمد آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے اس واقعے کو سیکیورٹی کی بڑی خامی قرار دیا ہے۔ غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے پوری دنیا میں احتجاج ہو رہا ہے اور اسرائیل پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ فوری طور پر انسانی امداد کے لیے بمباری بند کرے۔