نئی دہلی:آپ لوگ اس ایوان کے رکن بننے کے لائق نہیں۔ اگر آپ کرسی کا احترام نہیں کر سکتے، تو آپ کو اس ایوان کا رکن بننے کا حق نہیں ہے…” بدھ کے روز راجیہ سبھا میں مرکزی پارلیمانی امور کے وزیر نے اپوزیشن پر سخت تنقید کی جو چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے ذریعے ان کاگھیراؤ کر رہی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ پر چیئرمین کی توہین کرنے کا الزام لگایا۔ رجیجو نے کہا کہ وہ نام لے کر کہہ سکتے ہیں کہ اپوزیشن کے ممبران ٹی وی چینلز پر باہر جا کر نائب صدر کا نام لیتے ہیں اور ان کے بارے میں بے معنی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ چیئرمین کی کرسی کی براہ راست توہین ہے۔ ایسے ارکان کو ایوان میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ رجیجو یہیں نہیں رکے اور سونیا گاندھی اور سوروس کے درمیان تعلق کا بھی ذکر کیا۔ وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ یہ بات وہ خود سے نہیں کہہ رہے۔ ایسی رپورٹیں بین الاقوامی میڈیا میں شائع ہوئی ہیں۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ ہمیں جگدیپ دھنکھڑ پر فخر ہے، ہم کانگریس کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اس کے بعد ایوان میں زبردست ہنگامہ مچ گیا۔ جس کی وجہ سے راجیہ سبھا کی کارروائی کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اس سے پہلے منگل کو اپوزیشن نے راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔ انڈیا الائنس کے تقریباً 60 ممبران پارلیمنٹ کے دستخطوں والا یہ نوٹس راجیہ سبھا کے جنرل سکریٹری کو پیش کیا گیا۔