نئی دہلی:وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان پر تنقید کرنے پر راشٹریہ لوک دل (RLD) نے اپنے تمام ترجمانوں کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ جینت چودھری کے حکم پر ان سبھی کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔ پارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ راشٹریہ لوک دل کے تمام قومی ترجمانوں اور اتر پردیش کے تمام ترجمانوں کو فوری اثر سے برخاست کر دیا گیا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ پارٹی کے ترجمان کی طرف سے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان پر تنقید کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے 17 دسمبر کو راجیہ سبھا میں آئین پر بحث کے دوران کہا تھا کہ اب ایک فیشن بن گیا ہے… امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر۔ اگر تم نے خدا کا اتنا نام لیا ہوتا تو سات جنم کے لیے سورگ میں جاتے۔ کانگریس پارٹی پر اپنا حملہ جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ امبیڈکر کا نام لیا جا رہا ہے۔ امبیڈکر کا نام سو گنا زیادہ لیں۔ لیکن میں آپ کو بتاتا ہوں کہ امبیڈکر جی کے تئیں آپ کا کیا احساس ہے؟ امبیڈکر جی نے ملک کی پہلی کابینہ سے استعفیٰ کیوں دیا؟