نئی دہلی:
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپننگ اسکولنگ نے ایک نیا نصاب جاری کیا ہے۔ جس کے دائرے میں مدارس بھی آئیں گے ۔ خبر کے مطابق پرائمری کلاسوں قدیم ہندوستان کا علم اور وراثت کو متعارف کرایا جائے گا۔این آئی او ایس کا نیا نصاب تعلیم قومی پالیسی (این ای پی ) کا حصہ ہے۔قدیم ہندوستان کا علم اور روایت کے سلسلے میں 100 مدرسوں میں ایک نیا نصاب شروع کیا جانا ہے۔ این آئی او ایس کے نیا نصاب میں ’ہندوستانی علم روایت‘ کے 15 نصاب پر مشتمل ہے۔ یہ تمام کورسز 3 , 5 اور 8 کلاس کی ابتدائی تعلیم کے مساوی ہیں۔ قدیم ہندوستانی روایت کے تحت 15 نئے نصاب میں وید ، یوگا ، سائنس ، پیشہ ورانہ ہنر ، سنسکرت زبان ، رامائن اور مہابھارت کتھا ، بھگوت گیتا خطبات اور مہیشور ستراس وغیرہ شامل ہیں۔
ٹائمس آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق این آئی او ایس چیئرمین سروج شرما کا کہنا ہے کہ ‘ہم اسے 100 مدرسوں میں شروع کررہے ہیں۔ مستقبل میں ہم اسے 500 مدارس تک لے جائیں گے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکولنگ (این آئی او ایس)وزارت تعلیم کے تحت ایک خودمختار ادارہ ہے۔این آئی او ایس کا مقصد ایسے طلبا کو تعلیم دینے کا انتظام ہے جو ریگولر کلاسز میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں ۔ این آئی او ایس کا نیا نصاب تعلیم مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشک کے ذریعہ جاری کیا گیا ہے۔ مطالعاتی مواد جاری کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہندوستان قدیم زبان ، سائنس اور ثقافت کا ایک موثر گھر ہے۔ ہندوستان میں ایک متمول اور قدیم ورثہ کے ساتھ علمی سپر پاور بننے کی ساری صلاحیت ہے۔وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ این آئی او ایس کے نئے نصاب کا فائدہ پوری دنیا میں ہندوستان اور ہندوستانی برادری کے طلبا کو دیا جائے گا۔ وزارت تعلیم کی جاری کردہ وضاحت کے مطابق یہ طلباء کی صوابدید پر ہے کہ وہ این آئی او ایس کے فراہم کردہ مضامین میں سے پسندیدہ مضمون کو منتخب کریں۔ این آئی او ایس ان دو قومی بورڈ میں سے ایک ہے جو اوپن اور ڈسٹری ایجوکیشن کے ذریعہ پرائمری ، سیکنڈری اور سینئر سیکنڈری لیول کورسز کا انعقاد کرتا ہے۔