گوہاٹی: بی جے پی لیڈر امت شاہ نے آسام میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پھر عوام میں تقسیم کاری کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بدر الدین اجمل پر ’لینڈ جہاد‘ کرنے کا الزام عائد کیا اور اکثریت کو ان کی زمین ہاتھ سے نکل جانے کا خوف دکھایا۔ امت شاہ نے کہا، ’’بدر الدین اجمل لینڈ جہاد کر رہے ہیں۔ میں آپ کو ضمانت دیتا ہوں کہ 5 سال بعد آسام میں کوئی لینڈ جہاد نہیں کر پائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اگر کانگریس کو ووٹ دیا تو بدرالدین اجمل ہی ریاست کے وزیر اعلیٰ بنیں گے۔ بی جے پی اپنی انتخابی مہم میں لگاتار بدرالدین اجمل کو نشانہ بنارہی ہے اور کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی پر زیادہ توجہ نہیں دے رہی ہے۔