سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل شیخ کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین روزے دار کے روزے کو متاثر نہیں کرتی۔
سعودی مفتی اعظم اور سعودی علماء کونسل کے سربراہ کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین روزے کو باطل نہیں کرتی کیونکہ یہ کھانے پینے کے زمرے میں نہیں آتی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے عالمی وبا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر رواں برس حج کے لیے آنے والوں کے لیے کورونا ویکسین کو لازمی قرار دیا ہے۔
سعودی عرب میں گزشتہ برس دسمبر کے وسط سے کورونا وائرس کی ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا تھا۔یہ ویکسین شہریوں کو مفت فراہم کی جارہی ہے۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے بیرون ملک سے آنے والے حجاج کے حوالے سے اہم نکات جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کے لیے ویکسین لگواکر آنا ضروری ہے جو کہ WHO سے سرٹیفائیڈ ہونی چاہئے۔
جبکہ ویکسین کی دوسری ڈوز (dose) مملکت میں داخل ہونے سے کم از کم ایک ہفتہ پہلے لگ چکی ہو۔ مملکت پہنچنے سے 72 گھنٹے پہلے تصدیق شدہ لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ کروانا اور اسکی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔
حکام کے مطابق مملکت پہنچنے پر 72 گھنٹے کے لیے قرنطینہ کرنا ہوگا جس کے 48 گھنٹے بعد کورونا کا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ حجاج کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ رہائشگاہ سے باہر جانے کے لیے حجاج کو درخواست کے ذریعہ اجازت نامہ لینا ہوگا اور ضروری احتیاط کو لازمی اختیار کرنا ہوگا۔
رہائشگاہ میں موجود حجاج کو بھی آپس میں فاصلہ قائم رکھنا ہوگا۔ ہجوم کو ترتیب اور منظم رکھنے کے لیے چھوٹے گروپس کی صورت میں نقل و حرکت ہوگی۔ ہر گروپ کا پہلے سے مقرر گروپ لیڈر ہوگا اور یہ گروپس 100 سے زیادہ حجاج سے تجاوز نہیں کرے گا۔ صحت کے حوالے سے دی گئیں ہدایات پر عمل کرتے رہنا ہوگا۔