نئی دہلی :مرکزی حکومت ووٹر آئی ڈی کارڈ کو آدھار سے جوڑنے پر غور کررہی ہے۔ مرکزی وزیر قانون ونشر واطلاعات روی شنکر پرسا د نے لوک سبھا میں یہ بات کہی۔ روی شنکر پرساد نے لوک سبھا میں پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آدھار کارڈ کو ووٹر لسٹ کے ساتھ جوڑنے کی تجویز سرکار کے سامنے رکھی گئی ہے۔ پرساد نے کہاکہ اس کے لیے انتخابی ضوابط میں ترمیمی کی ضرورت ہوگی۔
پرساد سے سوال پوچھا گیا کہ سرکار کے پاس آدھار کارڈ اور ووٹر آئی ڈی کارڈ کو جوڑنے کے بعد اس ڈیٹا کو محفوظ رکھنے یا اس کے غلط استعمال سے بچانے کے لیے کیا اسکیم ہے۔اس کے جواب میں مرکزی وزیر نے کہاکہ ووٹر لسٹ کا ڈیٹا بیس سسٹم ہے، وہ آدھار کے لئے بنے ہوئے سسٹم میں کسی بھی طرح سے مداخلت نہیں کرتا ہے اور یہ ڈیٹا بیس سسٹم صرف شناخت کو تصدیق کرنے کے کام آتا ہے جس سے ان دونوں سسٹم کے بیچ فرق بنا رہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے قدم ووٹرلسٹ میں کسی طرح کی چوری اور اسے ہائی جیک ہونے سے روکتے ہیں۔ پرساد نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے کہاکہ اس نے انتخابی ضوابط سے متعلق ڈیٹا کی حفاظت کے لیے کئی اقدام اٹھائے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے حکومت سے عوامی نمائندہ ایکٹ میں ترمیم کرنے کے لئے متعدد بار درخواست کی ہے۔الیکشن کمیشن نے اگست 2019 میں مرکزی حکومت کو ایک تجویز بھجوا دی اور کہا کہ اسے انتخابی ضوابط میں ترمیم کرنی چاہئے تاکہ ووٹروں کے اندراج کرنے والے اہلکار ووٹر لسٹ میں شامل ووٹرز کی آدھار نمبر اور اس میں آنے والے نئے ووٹرز کے بارے میں جان سکیں۔