نئی دہلی (ایجنسی) دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے پانچ وارڈوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس نے پانچ میں سے چار وارڈ میں کامیابی حاصل کی ہے ،جبکہ کانگریس نے 1 وارڈ میں جیت حاصل کی ہے۔ دہلی کے تین میونسپل کارپوریشنوں میں اقتدار میں رہنے کے باوجود بی جے پی ایک بھی جگہ نہیں جیت سکی۔
عام آدمی پارٹی نے وارڈ نمبر32 -این (روہنی سی) ، وارڈ نمبر02 -ای(ترلوک پوری) ، وارڈ نمبر08 -ای (کلیان پوری) اور وارڈ نمبر 62-این (شالیمار باغ شمال) میں جبکہ کانگریس وارڈ نمبر41- ای (چوہان بانگر) بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی۔ چوہان بانگر مسلم اکثریتی علاقہ ہے اور یہاں سے کانگریس کی جیت اس بات کی علامت ہے کہ دہلی میں مسلمان ووٹر ایک بار پھر کانگریس کی طرف لوٹ رہے ہیں۔جیت کے بعد آپ کے ایم ایل اے آتشی مارلینا نے کہا کہ اب یہ طے ہو چکا ہے کہ اگلے سال ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں صرف ’آپ‘ کو ہی جیت ملے گی ۔ یہ انتخابی نتائج ایک ایسے وقت میں اہم ہیں جب دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کی تحریک چل رہی ہے اور عام آدمی پارٹی کی کسانوں کوپوری حمایت حاصل ہے۔
آئندہ سال دہلی میں ایم سی ڈی انتخابات ہوسکتے ہیں لیکن دہلی کا انتخابی ماحول اس کے بارے میں کافی گرم ہے اور بی جے پی ، کانگریس اور آپ تینوں ہی بہت متحرک ہیں۔ خاص طور پر ’آپ‘ بہت جارحانہ ہیں اور وہ دہلی کی تین میونسپل کارپوریشنوں میں عوامی مسائل اٹھا رہی ہیں۔