لکھنؤ:
اترپردیش میں آج الیکشن کمیشن نے پنچایت انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ یوپی کے 75 اضلاع میں چار مراحل میں پنچایت انتخابات کرائے جائیں گے۔ ریاستی الیکشن کمشنر منوج کمار نے کہا کہ ریاست میں 15 اپریل ، 19 اپریل ، 26 اپریل اور 29 اپریل کو چار مراحل میں ووٹ ڈالے جائیں گے ، جبکہ ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے لئے پرچہ نامزدگی 3 اور چار اپریل کو ہوں گی ، جبکہ دوسرے مرحلے کے لئے 7 اور آٹھ اپریل ، تیسرے مرحلے کے لئے ، 13 اور 15 اپریل اور آخری مرحلے کے لئے ، 17 اور 18 اپریل کوپرچہ داخل کئے جائیں گے ۔ چاروں مرحلوں کے لئے پولنگ صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک ہوگی۔ واضح رہے کہ جمعرات کو یوپی حکومت نے اعتراضات دور کر کے ریزرویشن کی حتمی فہرست جاری کر دی تھی ۔
پہلے مرحلے میں 18اضلاع سہارنپور، غازی آباد، رامپور، بریلی، ہاتھرس، آگرہ، کانپور(شہہر)،جھانسی،مہوبہ،پریاگ راج، رائے بریلی، ہردوئی، اجودھیا، شراوستی، سنت کبیر نگر،گورکھپور، جین پور اور بھدوہی میں ووٹنگ ہوگی۔
دوسرے مرحلے کے تحت جن اضلاع میں ووٹ ڈالے جائیں گے ان میں مظفر نگر، باغپت، گوتم بدھ نگر، بجنور، امروہہ، بدایوں، ایٹہ، مین پوری، قنوج، اٹاوہ،للت پور، چترکوٹ، پرتاگڑھ، لکھنو، لکھیم پور کھیری، سلطان پور، گونڈہ، مہاراج گنج، وارانسی اور اعظم گڑھ شامل ہیں۔
تیسرے مرحلے کے تحت شاملی، میرٹھ، مرادآباد، پیلی بھیت، کاس گنج، فیروزآباد، اوریا، کانپور دیہات،جالون، ہمیر پور، فتح پور، اناو، امیٹھی، بارہ بنکی،بلرامپور، چندولی، سدھارتھ نگر، دیوریا، مرزا پور اوربلیا میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ وہیں چوتھے اور آخری مرحلے میں ہاپوڑ، بلندشہر، سنبھل، شاہجہاں پور، متھرا، علی گڑھ، فرخ آباد، باندہ، کوشامبی، سیتاپور، امبیڈکر نگر، بہرائچ، بستی، سدھارتھ نگر، غازی پور، سونبھدر اور مئو شامل ہیں۔