پریاگ راج :(ایجنسی)
اکھاڑا پریشد کے صدر مہنت نریندرگری کی مشتبہ حالت میں پیر کو موت ہوگئی ۔ جانکاری کے مطابق پریاگ راج میں ان کی موت ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان کی لاش کھمبے سے لٹکی ہوئی ملی ہے ، جس کے بعد پولیس ان کی موت کو لے کر جانچ کررہی ہے۔ باگھمبری مٹھ میں ہی ان کی لاش ملی ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ ان کی موت کے ساتھ ہی اکھاڑا پریشد کے اندر اختلافات کی خبریں ایک مرتبہ پھر اٹھ رہی ہیں ۔ مہنت نریندر گری کا کمرہ اندر سے بند ملا تھا، جس کے بعد شک ہونے پر اس کو کھولا گیا تو اندر مہنت نریندر گری کی لاش کھمبے سے لٹکی ہوئی ملی ۔ بتایا جارہا ہے کہ مہنت نریندر گری گزشتہ کچھ دنوں سے پریشان چل رہے تھے ۔
فی الحال فورنسک ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے۔ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے مہنت نریندر گری کے انتقال پر تعزیت کی ہے۔ اکھلیش یادو نے ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد کے صدر نریندر گری جی کی موت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ایشور ان کے روح کو اپنے پناہ میں لے اور ان کے پیروکاروں کو تکلیف برداشت کرنے کی ہمت دے ۔