ممبئی: (پریس ریلیز)
آل انڈیا میمن جماعت فیڈریشن کے صدر اقبال میمن آفیسر نے مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کو امیر شریعت منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا ہے کہ مجھے یہ سن کر بے حد خوشی ہوئی کہ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی کو مسلمانوں کی عظیم تنظیم امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کا امیر شریعت منتخب کرلیاگیا ہے۔ ان کے انتخاب سے ان شاء اللہ قوم کو بے حد فائدہ پہنچے گا۔
امید ہے کہ وہ اپنے والد گرامی حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی (سابق امیر شریعت بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ و سابق جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ)، دادا محترم مولانا منت اللہ رحمانی اور جد امجد مولانا محمد علی مونگیری علیہما الرحمہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے امارت کو نئی آن بان شان عطا کریں گے۔ ماشاء اللہ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دینی و دنیاوی دونوں تعلیم میں ید طولیٰ رکھتے ہیں، ان کے انتخاب سے امارت کی ہر جہت میں ترقیات کی آبشاریں بہنے کی امید کرتا ہوں۔ مولانا ایک عظیم خانوادے سے متعلق ہیں جنہوں نے ہندی مسلمانوں کےلیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ان شاء اللہ وہ اپنے آباواجداد کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے‘‘۔