کولکاتا :
مغربی بنگال انتخابات کے چوتھے مرحلے کے دوران کوچ بہار میں سی آئی ایس ایف کے ذریعہ کی گئی فائرنگ سے چار افراد ہلاک ہوگئے۔ اسی کے ساتھ ہی الیکشن بھی ملتوی کردیا گیا۔ اب اس معاملے پر بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ اگر بیڈ بوائے نہیں سدھرے تو کوچ بہار جیسا واقعہ پھر ہوسکتا ہے۔ اسی دوران ریاستی صدر نے کہا کہ اب وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو اگلے مرحلے کے لئے انتخابی مہم چلانے کی اجازت بھی نہیں ملنی چاہئے۔
مغربی بنگال کے شمال 24 پرگنہ میں انتخابی مہم کے دوران بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ وہ بیڈ بوائے کہاں سے آئے تھے، لیکن اب یہ لوگ بنگال میں نہیں بچ پائیں گے۔ یہ تو ابھی شروعات ہے۔ اسی دوران دلیپ گھوش نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ سی آئی ایس ایف کے جوان صرف دکھاوے کے لیے اپنے ہاتھ میں بندوق لے کر کھڑے رہتے ہیں اگر وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لیں گے تو انہیں منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دلیپ گھوش نے کہا کہ اگر اگلے انتخابات میں دوبارہ ایسی صورتحال پیدا ہوئی تو پھر کوچ بہار جیسا واقعہ دوبارہ دہرایا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ دلیپ گھوش نے کہا کہ سی آئی ایس ایف کے خلاف نوجوانوں کو اکسانے کے لئے ممتا بنرجی کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہئے اور انہیں مزید مہم چلانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔