نئی دہلی:بی جے پی ایم ایل اے موہن سنگھ بشٹ نے دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران کہا تھا کہ جب وہ جیتیں گے تو مصطفی آباد کا نام بدل دیا جائے گا۔ تاہم نام کی تبدیلی کی فہرست میں کئی اور نام شامل کیے گئے ہیں۔
اے بی پی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نجف گڑھ اور محمد پور بھی بی جے پی کی فہرست میں شامل ہیں۔ آج (27 فروری) ایم ایل اے نیلم پہلوان نے اسمبلی میں نجف گڑھ کو تبدیل کرکے نہار گڑھ کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ ایم ایل اے انل شرما محمد پور کا نام بدل کر مادھو پورم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
نیلم پہلوان نے اسمبلی میں کہا، ’’میری اسمبلی دہلی دیہات سے ہے۔ یہ ہریانہ کی سرحد کو چھوتی ہے، جب مغل شاہ عالمگیر نے نجف گڑھ پر قبضہ کیا تو ہمارے نجف گڑھ پر مظالم ڈھائے گئے۔ 1857 کے انقلاب کے دوران راجہ ناہر سنگھ نے نجف گڑھ کو دہلی میں شامل کیا تھا لیکن کاغذی کارروائی کے بعد بھی نجف گڑھ کا نام تبدیل نہیں کیا گیا۔
دوسری طرف بی جے پی ایم ایل اے انل شرما نے اسپیکر سے ملاقات کرکے محمد پور کا مسئلہ اٹھانے کو کہا ہے۔ بی جے پی ایم ایل اے انل شرما نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا، "آر کے پورم اسمبلی میں ہمارے ایک گاؤں کا نام محمد پور ہے، جس کا نام کارپوریشن نے بہت پہلے تبدیل کر کے مادھوپورم کرنے کی تجویز دی تھی۔انل شرما نے کہا کہ اس تجویز کو کافی عرصے سے اسمبلی میں زیر التوا رکھا گیا تھا۔ اب تک آپ کی حکومت تھی، جس نے اس معاملے کو گڑھے میں دفن کر رکھا تھا۔ میں محمد پورگاؤں کا نام مادھواپورم رکھنے کی تجویز اسپیکر کے سامنے پیش کرنے جا رہا ہوں۔ ہمارے گاؤں کے لوگ بھی یہی چاہتے ہیں۔