اُردو ڈولپمنٹ آرگنائزیشن نے چیئرمین کونسل ڈاکٹر شمس اقبال کو خط لکھا
•• یہ تجویز اردو کے فروغ، نئی نسل کی علمی و تہذیبی تربیت اور قومی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے: ڈاکٹرسیداحمدخاں
نئی دہلی:14 ستمبر () قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ملک بھر میں اردو زبان وادب کی ترویج اور بقا کے لئے جو گرانقدر خدمات انجام دے رہی ہے وہ واقعی لائق تحسین ہیں۔ بالخصوص ڈاکٹر شمس اقبال کی قیادت میں کونسل نے محدود وسائل کے باوجود جو عملی اقدامات کیے ہیں وہ نہایت حوصلہ افزا ہیں۔ اب جبکہ آپ کو مکمل اختیارات بھی حاصل ہو چکے ہیں اور کمیٹی بھی تشکیل پاچکی ہے، امید ہے کہ کونسل مزید مؤثر اور نتیجہ خیز فیصلے کر سکے گی۔ان خیالات کا اظہار اُردو ڈیو لپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خاں نے کیا۔ انہوں نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (NCPUL) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمس اقبال کو ایک خط لکھا ہے جس میں دہلی کے پرائیویٹ اسکولوں میں اردو اسا تذہ کی تنخواہوں کے لئے خصوصی اسکیم بنانے کے سلسلے میں تجویزپیش کی ہے۔ ان تجاویز کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر سید احمد خاں نے بتایا کہ دہلی کے بیشتر پرائیویٹ اسکول اپنی محدود گنجائش کے باوجود اردوزبان کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان اسکولوں کے اسا تذہ نئی نسل کو اردوزبان سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔چونکہ کونسل پہلے ہی سے سمیناروں، ورکشاپس اور مراکز کے قیام کے لئے گرانٹ ان ایڈ فراہم کرتی ہے،لہذابراہ راست اردو اساتذہ کی تنخواہوں کے لئے ایک خصوصی اسکیم بناناز یادہ پائیداراور عملی نتیجہ دینے والا قدم ہوگا۔ یہ اسکیم ابتدا میں دہلی کے منتخب پرائیویٹ اسکولوں میں دواساتذہ تک محدود رکھی جاسکتی ہے اور پھر مرحلہ وار دیگر اسکولوں تک وسعت دی جاسکتی ہے۔اگر اس سلسلے میں براہ راست فیصلہ لینا آپ کے دائر ہ اختیار میں نہیں آتا تو مودبانہ گزارش ہے کہ اسے اپنی ایگز یکٹو بورڈ کے اجلاس میں پیش کر کے ایک باقاعدہ اسکیم کے طور پر منظوری حاصل فرمائیں۔ہماری یہ تجویز اردو کے فروغ، نئی نسل کی علمی و تہذیبی تربیت اور قومی ترقی میں ایک سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے۔








