نیو یارک :(ایجنسی)
نیویارک میں پولیس کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ بروکلن کے ایک سب وے سٹیشن میں پیش آیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق منگل کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے 36 سٹریٹ سٹیشن پر فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
نیو یارک فائر ڈپارٹمنٹ نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ انھیں ابتدائی طور پر سٹیشن میں دھوئیں سے متعلق کال آئی تھی۔ لیکن جب اہلکار وہاں پہنچے تو انھیں وہاں گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہونے والے افراد ملے۔اسٹیشن کی تصاویر میں خون میں لت پت مسافروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
مقامی میڈیا نے سکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ وہاں سے کئی ڈیوائسز ملی ہیں جن میں دھماکہ خیز مواد بھی شامل ہے۔مشتبہ حملہ آور کی ابھی تک شناحت نہیں ہو سکی ہے اور حکام کے مطابق وہ فرار ہے۔ حکام نے عوام کو اس علاقے میں جانے سے منع کیا ہے۔ فی الحال ہلاکتوں کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔