نئی دہلی :
دہلی کے راجندر نگر میں ایک رہائشی اسکول کورونا کا ہاٹ اسپاٹ بن کر سامنے آیا ہے۔ یہاں پہلے پرنسپل کورونا کی گرفت میں آئی ، اس کے بعد سات طالبات بھی کورونا سے متاثر ہوگئیں۔ راجندر نگر میں واقع اس اسکول کا نام آریہ کنیا ودیالیہ ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نولڑکیوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا ، جس میں سے سات طالبات کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
حالانکہ یہ بھی خبریں آرہی ہیں کہ مزید لڑکیاں پازیٹو ہوسکتی ہیں ، لیکن کچھ طالبات کو گھر بھیجے جانے سے یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ سات سے زیادہ طالبات مثبت ہیں یا نہیں۔ اس طرح سے سات طالبات کے ایک ساتھ کورونا مثبت ہونے کی وجہ سے پورے اسکول میں سنسنی مچ گئی ہے۔
پرنسپل کی رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد طالبات کا ٹیسٹ ہوا تھا
سب سے پہلے اس اسکول کی پرنسپل کورونا انفیکشن پائی گئی تھی ، جس کے بعد یہاں ہاسٹل میں موجود طالبات کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا۔ اسی دوران بہت سی طالبات کو گھر بھیج دیا گیا تھا۔ اب یہ اندیشہ ہےکہ وہ لڑکیاں جو گھر چلی گئیں ہیں اور ان کی جانچ نہیں ہوئی ہے وہ بھی انفیکشن کا شکار ہوسکتی ہیں۔ اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ گھر جانے والی لڑکیوں کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا اور انہیں ان کے پریوار کے ساتھ آئیسولیٹ رکھا جائے گا۔