نئی دہلی :
دین، دھرم کا معاملہ کوئی کسی گروہ میں رہنے کا نہیں ہے، بلکہ خدا، خود اور سچ کو پاتے ہوئے ابدی نجات و سرور تک پہنچنے کا ہے۔
اس میں سب سے بڑا کردار خالق کائنات کے اعلیٰ نمائندے اور پیغام رساں کا ہوتا ہے، یہ تبدیلی مذہب نہیں، بلکہ تخلیق کی اصل حقیقت کو اختیار کرنا ہے، توحید اصل ہے، شرک بعد کے فساد ذہن کی پیداوار ہے، اصل فطرت اور توحید کو اپنانا تبدیلی مذہب نہیں بلکہ اپنی اصل کی طرف رجوع اور اسے اپنانا ہے۔
اسلام درحقیقت، کہانی سے حقیقت، تخیل سے تاریخ اور مجہول سے معروف تک رسائی سے عبارت ہے، دیگر نظریے میں انسان کو سوالات کے تیز منجدھار میں چھوڑ دیا گیا ہے، اسلام میں خدا ہمیشہ خدا ہے اور علیم و خبیر اور خالق و رب ہے، وہ ایک لمحے کے لیے بھی مخلوق کی حالت میں نہیں آ سکتا ہے، جو ایک لمحہ خدا نہیں وہ کبھی بھی خدا نہیں ہو سکتا ہے۔ اوتار کے نظریے نے خدا کے وجود اور قدرت کو بے معنی اور مشکوک بنا کر رکھ دیا ہے، شک و شبہ سے بالا تر عقیدہ صرف اسلام فراہم کرنے کی پوزیشن میں ہے۔