کنگسٹن:(ایجنسی)
پاکستان نے منگل کو یہاں میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ 109 رنوں سے جیتنے کے بعد دو میچوں کی سیریز 1-1 برابری پر ختم کر دی۔ منگل کو پانچویں اور آخری دن 329 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی شاندار گیند بازی کی بدولت ویسٹ انڈیز کی ٹیم 219 رنز پر سمٹ گئی۔ پانچویں دن 49 رنز سے آگے کھیلتے ہوئے وہ 170 رنز بنا سکی۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے آل راؤنڈر جیسن ہولڈر نے 47 رن بنائے جبکہ کپتان کریگ بریتھویٹ نے 39 اور مڈل آرڈر بلے باز کائل میئرز نے 32 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی پاکستان کی طرف سے سب سے کامیاب باؤلر اور پاکستان کی جیت کے ہیرو تھے۔
شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں (پہلی اننگ میں 6، دوسری اننگ میں چار)۔ اس کے لئے انہیں پوری سیریز میں 18 وکٹیں لینے پرپلیئر آف دی میچ اورپلیئر آف دی سیریزقرار دیا گیا۔ شاہین آفریدی نے پہلے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ نعمان علی نے تین اور حسن علی نے دوسری اننگ میں دو وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے نام تھا، جس میں انہوں نے پاکستان پر ایک وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگ صرف 150 رنوں پر سمٹ گئی تھی اور دوسری اننگ میں کوئی بلے بازی لمبی اننگ کھیلنے میں ناکام رہا۔ ٹسٹ میچ کے آخری دن ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 49 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ دن کی پہلی کامیابی شاہین شاہ آفریدی نے الجاری جوسیف کو آوٹ کرکے دلائی۔ کپتان کریگ بریتھ ویٹ ایک اینڈ سے ٹکے ہوئے تھے، لیکن مڈل آرڈر نے ایک بار پھر مایوس کیا۔ نکرماہ بونر 2 اور روسٹن چیس بغیر کھاتہ کھولے آوٹ ہوئے۔ دونوں کا وکٹ تیز گیند باز حسن علی نے لئے۔