آسام کے صحافی دلاورحسین مجمدار کو ضمانت پر رہا کرنے کے چند دن بعد، ان کے بڑے بھائی، طیب الرحمان مجمدار کو ایک الگ کیس میں گرفتار کرلیا گیا
دلاور، ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم دی کراس کرنٹ کے صحافی، کو آسام کوآپریٹو بینک میں مبینہ طور پر بے دخلی کے الزام میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ اور بھارتیہ نیا ئے سنہتا کے تحت درج مقدمات میں ضمانت حاصل کرنے کے بعد 29 مارچ کو گوہاٹی سینٹرل جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ ان کو 25 مارچ کو بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈومبرو سائکیا سے مبینہ مالی بدانتظامی کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے کی کوشش کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے اسی دن، آسام جاتیہ پریشد کے یوتھ ونگ، جاتیہ یووا شکتی نے اسی مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما بینک کے ڈائریکٹر ہیں، جب کہ بی جے پی کے ایم ایل اے بسواجیت فوکن اس کے چیئرمین ہیں۔
تاخیر سے ملی اطلاع کے مطابق اب یکم اپریل کو، دلاور کے بڑے بھائی، طیب الرحمان مجمدار کو اس دن کے اوائل میں ان کے خلاف درج کیے گئے ایک تازہ مقدمے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ہوجائی پولیس اسٹیشن کے افسر انچارج دنادھر چودھری نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طیب الرحمن کو اس سے قبل 2021 میں لینڈ ریونیو اور سرکل آفس میں کام کرنے والے دلالوں کے خلاف ریاستی کریک ڈاؤن کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔ انڈین ایکسپریس کے مطابق تازہ ترین کیس میں "حالیہ جرائم” کے سلسلے میں دھوکہ دہی اور اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔