لکھنؤ :
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہاکہ بس ایس پی – کانگریس کو پہلے یہ واضح کرنا چاہئے کہ ان کی لڑائی بی جے پی سے ہے یا ایس پی سے ۔ اکھلیش یادو نے اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ ایس پی 2022 کے اسمبلی انتخابات کے لیے کسی بڑی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ یوپی اسمبلی انتخابات کے لیے ایس پی تمام چھوٹی پارٹیوں کو ایک ساتھ لانے کی کوشش کررہی ہے جس سے کہ بی جے پی کو ہرایا جاسکے۔ وہیں اوم پرکاش راجبھر کی قیادت والے بھاگیداری سنکلپ مورچہ کے بارے میں اکھلیش یادو نے کہاکہ ابھی تک ان سے کوئی بات نہیں ہوئی ہے ۔
اکھلیش یادو نے شیو پال سنگھ یادو کی پارٹی پرگتی شیل سماج وادی پارٹی سے اتحاد کرنے پر کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ تمام چھوٹی پارٹیاں ساتھ آئیں اور بی جے پی کے خلاف متحد ہو کر لڑیں۔
بی ایس پی اور دیگر جماعتوں کے ذریعہ کئے جارہے برہمن سمیلن پر اکھلیش یادو نے کہاکہ سماج وادی پارٹی بھی پسماندہ طبقات کے سمیلن کررہی ہے ۔ کورونا کی دوسری لہر آنے سے پہلے ہم نے تین روزہ کیمپوں کا انعقاد بھی کیا تھا جس کے ماتحت پردیش کی 150 اسمبلی سیٹیں آتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 5 اگست کو جنیشور مشرا کے یوم پیدائش پر یاترا کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے بعد ، 15 اگست سے بی جے پی حکومت کی سچائی عوام کو بتانے کے لیے کئی اور پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔