نئی دہلی:
جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کوایک مکتوب بھیجا ہے جس میں عبادت گاہوں کو کھولنے کی گزارش کی گئی ہے۔ امیر جماعت نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں اس مکتوب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ دہلی سے عبادت گاہوں کوعبادت گزاروں کے لئے کھولنے کی اپیل کی ہے اور ان سے گزارش کی ہے کہ وہ عبادت کرنے والوں کو عبادت گاہوں میں جانے کی اجازت دیں۔ البتہ حالات کے پیش نظر سماجی فاصلے، حفظان صحت سے متعلق اصولوں پر عمل پیرا ہونے جیسے احتیاطی تدابیر کو لازمی قرار دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اس سلسلے میں مذہبی مقامات پر چلنے والے ٹرسٹوں کے متعلقہ مذہبی سربراہاں، انتظامیہ اور بورڈ کے ساتھ باضابطہ طور پر مشاورت کی جائے اور اس کے بعد لازمی رہنمائیوں کے ساتھ اجازت دے دی جائے۔ جہاں تک مساجد کو کھولنے کا تعلق ہے تو ہم مسلم کمیونٹی سے اپیل کریں گے کہ وہ سماجی فاصلاتی پروٹوکول، ماسک پہننے وغیرہ کا اہتمام کریں۔ یہ امراض سے بچاؤ کے لئے حفظ ماتقدم کے تحت مناسب ہیں۔