نئی دہلی :(ایجنسی)
پاکستان کے سابق کرکٹر شاہد آفریدی ایک بار پھر اپنے بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں آگئے ہیں۔ انہوں نے ٹیرر فنڈنگ معاملہ میں قصوروار قرار دئے گئے جموں و کشمیر کے یاسین ملک کے بارے میں ٹویٹ کیا ہے ۔ دہلی کی خصوصی این آئی اے عدالت میں ملک کو سزا سنانے سے پہلے آفریدی یاسین ملک کی حمایت میں اترے بے قصور قرار دے دیا۔ بتادیں کہ این آئی اے کورٹ نے یاسین ملک کو عمر قید کی سزا سنائی ہے ۔
اس کے بعد ہندوستانی کرکٹر امت مشرا نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے شاہد آفریدی کی بولتی بند کردی۔ دراصل کشمیری علیحدگی پسند لیڈر یاسین ملک کو دہشت گردی کی فنڈنگ کیس میں سزا سنائی جانی ہے۔ خیال رہے کہ یاسین ملک نے 9 مئی کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں اقبال جرم کرلیا تھا۔
آفریدی نے زہر اگلتے ہوئے لکھا کہ ہندوستان جس طرح کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، وہ بے سود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یاسین ملک کے خلاف من گھڑت الزامات سے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو نہیں روک پائیں گے ۔
آفریدی کے اس ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے ہندوستانی کرکٹر نے کہا کہ ڈیئر شاہد آفریدی، کورٹ روم میں اس نے خود کو قصوروار مانا ہے ۔ ہر چیز آپ کی تاریخ پیدائش کی طرح من گھڑت نہیں ہوتی ہے ۔ بتادیں کہ آفریدی ماضی میں بھی کئی مرتبہ مسئلہ کشمیر پر اشتعال انگیز بیانات دے چکے ہیں۔ ساتھ ہی آفریدی اپنی عمر کے حوالے سے بھی تنازعات میں رہتے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق آفریدی یکم مارچ 1980 کو پیدا ہوئے تھے جب کہ 2019 میں خود پاکستانی کرکٹر نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے 1996 میں سری لنکا کے خلاف 37 گیندوں پر سنچری بنائی تھی تو وہ 16 سال کے نہیں تھے۔