نئی دہلی:
آنحضورؐ کی شان میں گستاخی کرنے والے نرسنگھ آنند سرسوتی کے خلاف عام آدمی پارٹی کے دبنگ لیڈر اور ایم ایل اے امانت للہ خاں نے 3 اپریل کو جامعہ نگر تھانہ میں ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ جس میں سرسوتی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی مانگ کی تھی ، سرسوتی کے خلاف مختلف دفعات میں مقدمہ درج ہوگیاہے۔ دریں اثناء اس معاملہ نے طول پکڑ لیا ہے۔ جہاں سوشل میڈیا پر ایک طبقہ امانت للہ خاں کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ وہیں متنازع اور اشتعال انگیز بیانات کیلئے معروف بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے 4 اپریل کو امانت اللہ خاںکے مبینہ اشتعال انگیز ٹوئٹ کے خلاف شکایت درج کرائی۔ اپنی شکایت میں کپل مشرا نے 3 اپریل کو کئے گئے امانت اللہ خاں کے ٹوئٹ کا تذکرہ کیا اور کہاہے کہ ان کے ٹوئٹ سے دو فرقوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے کااندیشہ ہے۔ اس شکایت میں کپل مشرا نے صاحب آباد ،غازی آباد اترپردیش کے ایس ایچ او کو لکھتے ہوئے کہاکہ امانت اللہ خاں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 115 ، 153 ، 153A،153B، 295،295A، 505 اور 503 کے تحت مقدمہ درج کیاجائے۔