غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، ایک اسکول شیلٹر پر اسرائیلی حملے میں 28 فلسطینیوں کی ہلاکت اور 54 کے زخمی ہونے کے بعد ایمبولینسز متاثرین کو دیر البلاح کے الاقصی اسپتال پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایک ذریعے نے الجزیرہ کو بتایا کہ لبنان کی جنوبی سرحد پر مشن کے مقام پر اسرائیلی گولہ باری میں دو امن فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا اسرائیلی فوج نے غزہ میں بچوں کا آخری اسپتال بھی تباہ کرنے کی دھمکی دے دی۔غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے نرسنگ ڈپارٹمنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر عید صباح نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ سے رابطہ کیا اور ان کو 24 گھنٹے کے اندر اسپتال خالی کرنے کی دھمکی دی ہےاسرائیل نے کہا اگر اسپتال خالی نہ کیا گیا تو وہی کچھ ہوگا جو الشفا اسپتال کے ساتھ ہوا تھا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر کمال عدوان شمالی غزہ پٹی کا واحد اسپتال ہے جو بچوں کا علاج کرتا ہے۔ اس اسپتال میں بچوں کے لیے انتہائی نگہداشت، نرسری اور بچوں کے ڈائیلاسز کے شعبے بھی ہیں، اسپتال کے بند ہونے کا مطلب بہت سے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کی جانوں کا ضیاع ہے۔