رام پور (آر کے بیورو)
الہ آباد ہائی کورٹ نے کسٹوڈین املاک پر مبینہ طور پر قبضہ کرنے کے معاملے میں سماجوادی پارٹی ایم پی اعظم خاں کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ جسٹس راہل چترویدی نے تین دن تک طویل سماعت کے بعد ہفتہ کو یہ حکم دیا۔ یاد رہے کہ اعظم خاں پر 2019 میں کسٹوڈین املاک پر قبضہ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔ معاملے میں اعظم خاں کی جانب سے ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔
اعظم خاں کے وکلاء نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کو سیاسی وجوہات کی بنا پر غیر ضروری طور پر پھنسایا گیا ہے۔ جب کہ حکومت کی جانب سے کہا گیا کہ اعظم خاں نے کسٹوڈین املاک پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔ یہی نہیں،کسٹوڈین املاک پر قبضہ کرکے اسے جوہر یونیورسٹی کیمپس میں غیر قانونی طریقے سے شامل بھی کرلیا ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ فیصلہ اگلے ہفتے متوقع ہے۔ تاہم اس معاملے میں سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمان کی ضمانت منظور ہونے کے بعد بھی وہ جیل سے باہر نہیں آ سکیں گے، کیوں کہ سیتا پور جیل میں بند اعظم خاں کو ابھی کئی دیگر معاملات میں بھی ضمانت درکار ہے۔