پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وائٹ بال فارمیٹ کے لیے بابر اعظم کو دوبارہ قومی ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے جس نے پاکستانی کرکٹ میں کپتانی کے میوزیکل چیئر کی پرانی بحث دوبارہ چھیڑ دی ہے۔
بورڈ کے ایکس اکاؤنٹ پر بابر اعظم اور چیئرمین محسن نقوی کی ملاقات کی ویڈیو شیئر کی گئی اور اس کے ساتھ لکھا گیا کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی ’متفقہ تجویز‘ کے بعد چیئرمین نے بابر کو پاکستان مینز ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کپتان مقرر کر دیا ہے۔
اس سے پہلے 2019 میں بابر اعظم کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کا کپتان بنایا گیا پھر 2020 میں وہ ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان بنے۔
2023 میں انڈیا میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے ٹیم کی کپتانی سے استعفی دے دیا تھا۔ بورڈ نے بابر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد شان مسعود کو ٹیسٹ جبکہ شاہین آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔
اپنی گذشتہ کپتانی کے دوران بابر اعظم نے 20 ٹیسٹ، 43 ون ڈے اور 71 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی تھی۔
اس کے علاوہ بابر کی زیر قیادت پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیمیں دونوں ہی آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں سرِ فہرست رہیں تاہم ان پر فیصلہ کن مواقع پر غیریقینی کا شکار ہونے کے حوالے سے تنقیدکی۔
بابر کی کپتانی کی رپورٹ
واضح رہے کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان نے 71 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 42 جیتے اور 23 ہارے۔
بابر اعظم اب تک 5 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021ء اور 2022ء، ایشیاء کپ 2022ء، 2023ء اور ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔تاہم پاکستان ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں اب تک کوئی آئی سی سی یا ایشیاء کپ ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے۔