ممبئی :
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور بالیکا ودھو کی کلیانی دیوی ، سریکا سیکری کا آج 75 سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال ہوگیا سیکری کے منیجر نے اس افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ کئی مہینوں سے علیل تھیں اور 2020 میں انہیں دماغی فالج ہوگیا تھا ۔
پسماندگان میں ان کے اہل خانہ اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے افراد شامل ہیں جبکہ اہل خانہ نے مزید تفصیلات بتلانے سے انکار کیا ہے اور محض ’ اوم سائی رام‘کہہ کر فون منقطع کر دیا۔
تین بار قومی ایوارڈ جیتنے والی سریکھا سیکری نے 1978 میں فلم ’قصہ کرسی کا‘ سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔
تمس (1988)، میمو (1995) اور بدھائی ہو (2018) میں اپنے کردار کے لئے انہوں نے تین بار بہترین معاون اداکارہ کا قومی فلم ایوارڈ جیتا تھا۔ انہوں نے پرائم ٹائم بالیکا ودھو میں اپنی اداکاری کے جلوے دکھلا کر نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔
فلم ’بدھائی ہو‘ میں ان کی اداکاری نے زبردست داد حاصل کی تھی اور اسے ان کے فلمی کیریئر میں کسی حد تک واپسی کی صورت میں بھی دیکھا گیا تھا۔