نئی دہلی:
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو نے دعویٰ کیا ہے کہ اترپردیش اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ این ڈی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوپی کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں۔
بات چیت کے دوران اکھلیش نے یوپی انتخابات کے لیے مایاوتی کی بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی ) کے ساتھ اتحاد سے انکار کیااور کہاکہ ہم چھوٹی پارٹیوں کے ساتھ مل کر انتخاب لڑیں گے ۔ بی ایس پی اور کانگریس کا ذکر کئے بغیر اکھلیش نے کہا:’ بڑی پارٹیوں کے ساتھ میرا تجربہ اچھا نہیں رہا ہے ،ہم ان کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کریں گے ۔‘
سماج وادی پارٹی کے سربراہ نے کہاکہ ان کی پارٹی ریاست کی 340 اسمبلی سیٹوں میں سے 300 کو (جیت کے لحاظ سے) ٹارگیٹ کررہی ہے ۔ سماج وادی پارٹی نے کہاکہ ریاست کے عوام اب تبدیلی کے موڈ میں ہے اور بی جے پی کو اسمبلی انتخابات میں ہار کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیاکہ جلد ہی ریاست میں سماج وادی پارٹی اقتدار میں آنے والی ہے ۔ غریبوں کے لئے ویکسینیشن فری کی جائے گی۔ اپنی کورونا ویکسینیشن کے بارے میں اکھلیش نے کہاجب پورے یوپی کو ٹیکہ لگ جائے گا اس کے بعد میں ٹیکہ لگاؤںگا ۔
غور طلب ہے کہ یوپی میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات ہونے ہیں اور ان انتخابات کو ریاستی کی یوگی آدتیہ ناتھ سرکار کے لیے سخت چیلنج مانے جارہے ہیں ۔ یوگی آدتیہ ناتھ اس وقت اپنی پارٹی میں ہی عدم اطمینان کا سامنا کررہے ہیں ، جس سے دور کرنے کی کوشش میں دہلی کی اعلیٰ قیادت مصروف عمل ہے ۔