گونڈا؍لکھنؤ:(ایجنسی)
اتر پردیش کے گونڈا ضلع کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ اس ویڈیو میں ایک گاؤں میں بھیک مانگنے والے مسلمان فقیروں کو جے شری رام کا نعرہ لگوایا اور انہیں دہشت گرد کہا گیا۔ جب یہ مسلمان فقیر گاؤں میں گھوم رہے تھے تو ان سے بھی کہا گیا کہ وہ اپنا آدھار کارڈ دکھائیں۔
یہ واقعہ تھانہ کھرگوپور علاقہ کے تحت گرام سبھا کھرگوپور ڈنگور میں پیش آیا ہے۔
ستیہ ہندی کی رپورٹ کے مطابق گاؤں کے ایک شخص نے مسلمان فقیروں سے کہا کہ تم لوگ دہشت گرد ہو، وہ ان سے ان کے نام پوچھتا ہے اور کہتا ہے کہ اپنا آدھار کارڈ دکھاؤ۔ اس کے بعد ان سے اٹھک بیٹھک کرنے اور جے شری رام کا نعرہ لگانے کے لئے کہاجاتا ہے۔
تینوں مسلم فقیر جے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ انہیں دھمکی دینے والا دیہاتی کہتا ہے کہ اگلی بار آدھار کارڈ کے بغیر گاؤں میں داخل مت ہونا۔ وہ اپنے ہاتھ میں ایک موٹی چھڑی لے کر انہیں دھمکی دیتا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بہت سے لوگوں نے گونڈا پولیس کو ٹویٹ کرکے اس معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعدسرکل آفیسر صدر نے کہاکہمسلم فقیروں کےساتھ بدسلوکی کرنے کے معاملے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ایک شخص کو گرفتار بھی کیاگیا ہے ۔
سرکل آفیسر صدر نے بتایا کہ اس بات کی بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ یہ مسلمان فقیر کون تھے اور گاؤں کیوں گئے تھے۔
کانپور میں دو فرقوں کے درمیان تصادم اور پیغمبر اسلام پر بی جے پی لیڈروں کے متنازع ریمارکس کی وجہ سے ملک اور اتر پردیش میں ماحول پہلے ہی کشیدہ ہے۔
اتر پردیش کے آگرہ میں گزشتہ دنوں ایک چھوٹی سی بات پر ہندو اور مسلم کمیونٹی کے لوگ آمنے سامنے آگئے تھے۔
ایسے میں کوئی بھی واقعہ اس کشیدہ ماحول کو مزید خراب کرنے کا کام کرے گا۔ اس لیے پولیس اور انتظامیہ کو ایسے تمام معاملات میں سخت کارروائی کرنی چاہیے۔