نئی دہلی:
سپریم کورٹ میں کورونا سے جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دئے جانے سے متعلق داخل عرضی پر مرکزی حکومت نے جواب دیاہے۔ مرکزی سرکار نے کہاکہ کورونا سے جان گنوانے والوں کے پریواروں کو 4 لاکھ کا معاوضہ نہیں دیا جاسکتا ہے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ کے تحت ہرجانے کا معاوضہ صرف قدرتی آفات جیسے زلزلے ، سیلاب وغیرہ کے لئے لاگو ہوتا ہے۔ایک بیماری کے لیے معاوضہ رقم دینا اور دوسری بیماری سے انکار کرناانصاف نہیں ہوگا۔ تمام کورونا متاثرہ کو معاوضہ کی ادائیگی ریاستوں کی مالی صلاحیتوں سے باہر ہے ۔ سپریم کورٹ اس تعلق سے درخواست پر سماعت کررہا ہے ۔ عرضی میں مرکز اور ریاستوں کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت انفیکشن کی وجہ سے اپنی گنوانے والے لوگوں کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے معاوضہ رقم دینے کی درخواست کی گئی ہے ۔ سپریم کورٹ اس معاملے میں پیر کو سماعت کرےگی۔
مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں داخل اپنے حلف نامے میں کہا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ اور اثرات کی وجہ سے قدرتی آفات کے معاوضہ پر عمل درآمد مناسب نہیں ہوگا۔اسے کورونا وبا پر لاگو نہیں کیاجاسکتا۔ مرکز اور ریاست پہلے ہی ٹیکس محصول میں کمی اور صحت کے اخراجات میں اضافہ کی وجہ سے سخت مالی دباؤ میں ہیں۔ معاوضہ رقم دینے کے لیے وسائل کا استعمال وبائی عمل اور صحت کے اخراجات پر اثر انداز ہوسکتا ہے۔ یہ اچھاکام کرنے کے بجائے نقصان کی وجہ بن سکتی ہے ۔ وبا ئی امراض کی وجہ سے 3,85,00 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں جن میں اور بھی اضافہ ہونے کے خدشات ہیں۔
مرکز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے پہلے کے فیصلے ہی کہتے ہیں کہ پالیسی ساز معاملوں کو ایگزیکٹو پر چھوڑ دینا چاہئےاور عدالت ایگزیکٹیو کی جانب سے فیصلہ نہیں لے سکتی۔ کورونا متاثرین کے لیے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر مرکز نے کہاکہ کووڈ سے ہوئی موت کو ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں کووڈ اموات کی شکل میں تصدیق کرنے میں ناکام رہنے پر تصدیق کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف تعزیری کارروائی کی جائے گی۔
غور طلب بات یہ ہے کہ 24 مئی کو عدالت عظمی نےکورونا وائرس کے انفیکشن کی وجہ سے جان گنوانے والے لوگوں کے اہل خانہ کو چار لاکھ روپے معاوضہ رقم دئے جانے کی درخواست کرنے والی مفاد عاملہ عرضی پر سماعت کی تھی۔ اس دوران سپریم کورٹ نے معاملے کو لے کر مرکزی سرکار کو نوٹس جاری کرکے جواب مانگا تھا۔ دراصل کورٹ نے کووڈ 19-سے مرنے والوں کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لیے یکساں پالیسی مانگ والی عرضی پر سرکار سے سوال کیا کہ کیا کورونا سے متاثرہ لوگوں کے لیے کوئی ایک یکساں پالیسی ہے؟
سماعت کے دوران جسٹس اشوک بھوشن اور جسٹس ایم آر شاہ کی بنچ نےکووڈ 19- سے مرنے والے لوگوں کےڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے بھارتی میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے رہنما اصولوں کی جانکاری دستیاب کرانے کی ہدایت دی تھی۔