نئی دہلی : (ایجنسی)
شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے مرکز کی نریندر مودی حکومت پر سخت نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا کہ 2024 میں بی جے پی اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ جبکہ کانگریس پارٹی کی حمایت سے ملک میں مخلوط حکومت برسراقتدار آئے گی۔ اس کے ساتھ ہی موجودہ یک جماعتی حکومت کا دور ختم ہو جائے گا۔
جے ایس کرندیکر میموریل لیکچر سے خطاب کے بعد پونے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا کہ کانگریس کے تعاون کے بغیر کوئی بھی حکومت 2024 میں اقتدار میں نہیں آسکے گی۔ کانگریس ملک کی ایک بڑی پارٹی ہے۔ کانگریس اپوزیشن پارٹی بھی ہے اور دیگر علاقائی پارٹیاں بھی ہیں۔
سیاسی پالیسی ساز پرشانت کشور کے اس بیان کا جواب دیتے ہوئے کہ ‘بی جے پی کئی دہائیوں تک اقتدار میں رہے گی، سنجے راوت نے کہا کہ بی جے پی ہندوستانی سیاست میں رہے گی، لیکن ایک اپوزیشن پارٹی کے طور پر، پی ٹی آئی کے مطابق راوت نے کہا، ’بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ وہ دنیا کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔ اگر دنیا کی سب سے بڑی پارٹی الیکشن ہار جاتی ہے تو وہ اپوزیشن پارٹی بن جاتی ہے۔ مثال کے طور پر مہاراشٹر میں بی جے پی 105 ایم ایل اے کے ساتھ اہم اپوزیشن پارٹی ہے۔‘
یوپی میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے بارے میں سنجے راوت نے کہا کہ ابھی ہم دادرا، نگر حویلی اور گوا میں توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔ یوپی انتخابات کا وقت آ گیا ہے۔ ہم یوپی میں چھوٹے کھلاڑی ہیں، لیکن الیکشن ضرور لڑیں گے۔








