نئی دہلی :(ایجنسی)
کانگریس نے ادے پور میں چنتن شیویر سے پہلے بڑی تبدیلیوں کی تیاری کر لی ہے۔ پیر کو منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں ایک پریوار میں ایک ہی شخص کو ٹکٹ دینے، اہم عہدہ پر فائز ہونے کے بعد تین سال کولنگ آف پیریڈ ہونے اور پینلوںمیں بڑی تعداد کو کم کرنے جیسی تجاویز کو منظوری دی گئی ہے۔ کانگریس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی کمان کو یہ تجویز دی گئی تھی کہ ریاستی صدر، ضلع صدر یا قومی ایگزیکٹو سمیت لیڈروں کو ایک میعاد پوری ہونے کے بعد تین سال تک عہدے سے باہر رکھا جائے۔ اس پر اتفاق ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک پریوار کے صرف ایک فرد کو ٹکٹ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ پارٹی کا ماننا ہے کہ اس سے وہ بی جے پی کی جانب سے پریوار واد کے الزامات کا جواب دے سکے گی۔
کانگریس کا چنتن شیور 13 سے 15 مئی تک ادے پور میں ہونے والا ہے۔ اس میں یہ تمام تجاویز پیش کی جائیں گی۔ 2024 کے عام انتخابات سے پہلے پارٹی ان تمام خامیوں کو درست کر لینا چاہتی ہے جہاں کوئی کمینظر آرہی ہے۔ اس کے تحت انہوں نے پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش اور مدھیہ پردیش میں نئے ریاستی صدور کا تقرر کیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ یوپی اور بہار جیسی ریاستوں کے لیے بھی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ یہی نہیں، پارٹی کی نظریں راجستھان اور چھتیس گڑھ پر بھی ہیں، جہاں اس سال کے آخر تک انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس چینتن شیور میں پارٹی کے 400 قائدین شرکت کریں گے۔
خود گاندھی پریوار پر بھی لاگو ہوگا ایک ٹکٹ کا فیصلہ؟
کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ کے بعد ایک لیڈر نے کہا، ’’ایک پریوار، ایک ٹکٹ کی تجویز پر سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا اعلان کریں گے‘‘۔ یہ بھی اعلان کیا جا سکتا ہے کہ 2024 کے عام انتخابات میں پریوار کا صرف ایک فرد حصہ لے گا۔ اس کے علاوہ کانگریس میں تبدیلی کا مطالبہ کرنے والے لیڈر پارلیمانی بورڈ کی تنظیم نو کی بات کرتے رہے ہیں۔ سیاسی امور کی کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ پارٹی کو ملک گیر اتحاد بنانا چاہیے۔ خاص طور پر لوک سبھا انتخابات کے لیے ہم خیال جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہیے۔
ایم ایس پی گارنٹی قانون لانے کا وعدہ ہوسکتا ہے
بھوپندر سنگھ ہڈا کی قیادت میں کسانوں سے متعلق ایک کمیٹی نے بھی اپنی سفارشات پیش کی ہیں۔ ان میں سب سے اہم سفارش یہ ہے کہ پارٹی یہ اعلان کرے کہ جب وہ مرکز میں برسراقتدار آئے گی تو کسانوں کے ایم ایس پی کی ضمانت کے لیے قانون بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ جو لوگ اوپن مارکیٹ میں ایم ایس پی سے کم قیمت پر پروڈکٹ خریدتے ہیں، انہیں سزا دی جائے گی اور ایسا کرنا جرم ہوگا۔
راہل گاندھی کے ملک گیر دورے کی تیاریاں
کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں کچھ لیڈروں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ کارکنوں میں جوش پیدا کرنے کے لیے راہل گاندھی کو پورے ملک کا دورہ کرنا چاہیے۔ ان کا مشورہ تھا کہ راہل گاندھی کو ملک کی تمام ریاستوں کا سفر کرنا چاہئے تاکہ پارٹی کے کارکنوں اور قائدین میں جوش و خروش کا رابطہ ہوسکے۔ تاہم پارٹی کے صدر اور تنظیمی انتخابات کے حوالے سے کوئی تجویز پیش نہیں کی گئی۔