نوح میوات:( محمد صابر قاسمی )
کانگریس پارٹی کا 137 واں یوم تاسیس ضلع کانگریس ہیڈ کوارٹر نوح میں سی ایل پی کے ڈپٹی لیڈر چودھری آفتاب احمد کی صدارت میں بڑے دھوم دھام سے منایا گیا۔ اس موقع پر ایک سیمینار کا بھی انعقاد کیا گیا۔ نوح کے ایم ایل اے آفتاب احمد نے پارٹی کی مکمل تاریخ، جدوجہد آزادی میں اس کی شراکت اور عوامی مفادات اور کانگریس کی تشکیل کردہ حکومتوں کے ذریعہ کئے گئے قومی فیصلوں پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔ اس دوران کانگریس پارٹی کا پرچم لہرایا گیا اور قومی ترانہ گایا گیا۔
منگل کو ضلع کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقدہ سمینار میں آفتاب احمد نے کہا کہ کانگریس کی 137 سال کی باوقار تاریخ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جب بھی ملک میں برسراقتدار آئی اس نے ملک کی ترقی میں اپنا اہم رول ادا کیا۔
ایم ایل اے آفتاب احمد نے کہا کہ کانگریسیوں نے آزادی کے لیے بہت قربانیاں دیں، اپنی جانیں قربان کیں اور کئی دہائیوں تک قید رہے۔ کانگریس پارٹی کا قیام 28 دسمبر 1885 کو عمل میں آیا، جس کے بعد پارٹی کے عہدیداروں نے قوم کے اتحاد اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے وقتاً فوقتاً اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ملک کے لیے آواز اٹھانے کے عزم کے ساتھ کام کرتے ہوئے، پارٹی نے سماج کے ہر طبقے کی بہتری کے لیے اپنے حصہ کا کردار بخوبی نبھایا ہے۔ ایسی سیکولر کوششیں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔
پی سی سی رکن چودھری مہتاب احمد نے کہا کہ کانگریس کی ایک قابل فخر تاریخ ہے، وجود میں آنے کے بعد کانگریس نے ملک کی آزادی اور آزادی کے بعد ملک کی نئی تعمیر میں بڑا رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر ایک جدوجہد کا رہا ہے، کانگریس قائدین نے ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لئے قربانیاں دی ہیں، جنہیں عوام فراموش نہیں کرسکتے۔
سی ایل پی کے ڈپٹی لیڈر آفتاب احمد نے کہا کہ آج ملک کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے، ایک ایسی جماعت اقتدار میں بیٹھی ہے جو ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے خطرہ ہے اور عوام کو تقسیم کرنے کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور جمہوریت کو برقرار رکھنا آج کا سب سے بڑا سوال ہے اور کانگریس پارٹی اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھا رہی ہے اور پارٹی کارکنان ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔ اس دوران کانگریس کے سینکڑوں کارکنان موجود تھے۔