نئی دہلی :(ایجنسی)
کرناٹک سے شروع ہوئے حجاب تنازع کو لے کر ملک کے کئی حصوں میں احتجاج ہو رہا ہے۔ ایسے میں پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی خالصتانی دہشت گرد تنظیم کے ذریعے بھارت میں حجاب ریفرنڈم کے ذریعے انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے۔ بھارت میں حجاب ریفرنڈم کے لیے ایک ویب سائٹ بھی بنائی گئی ہے۔
آج تک آن لائن کی خبر میں کہا گیا ہے کہ یہی نہیں سکھ فار جسٹس کے سربراہ گروپتونت سنگھ پنوں سے آئی ایس آئی نے ویڈیو بھی جاری کروایا ہے ۔ آئی ایس آئی کی سازش کےبعد خفیہ ایجنسی بھی متحرک ہوگئی ہے۔ آئی بی نے اسے لے کرالرٹ بھی جاری کیاہے۔
آج تک کی رپورٹ کے مطابق سکھ فار جسٹس کے سربراہ گروپتونت سنگھ پنوں نے ویڈیو جاری کیا ہے۔ اس میں وہ بھارت کو توڑنے کے لیے حجاب ریفرنڈم جیسے ایجنڈا پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے۔
سکھ فار جسٹس نے اپنے پروپیگنڈہ ویڈیو میں کرناٹک کی حجاب کی حمایت کرنے والی لڑکی مسکان کی تصاویر بھی استعمال کی ہیں۔ پنوں نے ہندوستانی مسلمانوں سے حجاب ریفرنڈم شروع کرنے اور ہندوستان کو اردوستان بنانے کی طرف بڑھنے کی اپیل کی ہے۔ آئی بی نے کہا ہے کہ دہلی، راجستھان، اتر پردیش، بہار اور مغربی بنگال جیسے مسلم اکثریتی علاقوں میں حجاب ریفرنڈم ایجنسیاں موجود ہیں۔