بھوپال۔۲۲؍ فروری: مدھیہ پردیش کے دیواس میں مسلم کمیونٹی کے دو گروپوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوا، جو اتنا بڑھ گیا کہ پولیس کو موقع پر پہنچ کر صورتحال قابو میں کرنی پڑی۔ یہ معاملہ مسجد کی تعمیر سے جڑا ہوا ہے، جس کی وجہ سے دونوں فریق آپس میں ٹکرا گئے۔ اس جھگڑے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ تنازعہ مسجد کے چندے کے حوالے سے شروع ہوا، جو بعد میں مارپیٹ میں تبدیل ہو گیا۔ صورتحال اس قدر کشیدہ ہو گئی کہ پولیس کو مداخلت کرنی پڑی اور علاقے میں امن و امان بحال کرنے کے لیے فورس تعینات کرنی پڑی۔دیواس میں واقع عیدگاہ مسجد کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق، مسجد کے چندے کو لے کر دو فریقوں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے، جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی اور لڑائی جھگڑے میں تبدیل ہو گئے۔ پولیس کو موقع پر پہنچ کر مداخلت کرنی پڑی، تب جا کر حالات قابو میں آئے۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد کے اندر کچھ افراد ڈنڈے لیے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور آپس میں زور و شور سے بحث کر رہے ہیں۔ کچھ ہی لمحوں بعد، یہ بحث لڑائی میں بدل جاتی ہے اور دونوں گروپ ایک دوسرے کو مکے اور لاتیں مارنے لگتے ہیں۔ کچھ افراد چھت پر چڑھ کر اس پورے تصادم کی ویڈیو بناتے نظر آ رہے ہیں۔ فی الحال دونوں گروہوں نے ایک دوسرے کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ علاقے میں اب بھی تناؤ برقرار ہے، لیکن پولیس کی موجودگی کی وجہ سے امن و امان بحال ہے۔