نئی دہلی؍ لکھنؤ :
کورونا نے جس تیزی کے ساتھ پاؤں پسارنا شروع کردئے ہیں اس سے لوگوں میں خوف اور تشویش کی لہر دوڑ گئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں ایک بار پھر ریکارڈ 1,03,558 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں ایکٹیو کیسزکی تعداد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29344 سے بڑھ کر 431896 ہوگئی ہے۔ دہلی کا حال بھی ٹھیک نہیں ہے ۔یہاںکورونا مریضوں سے اسپتال بھریں ہیں ، 26 نجی اسپتالوں میں ایک بھی وینٹی لیٹر خالی نہیں ،33 میں آئی سی یو بیڈ کی کمی ہے ۔حالات کو دیکھتے ہوئے پی ایم نے 8 اپریل کو وزرائے اعلیٰ کی میٹنگ بلائی ہے۔
دوسری طرف اترپردیش میں بھی کورونا نے الارم دے دیا ہے، حالانکہ وہاں اترپردیش میں پنچایت انتخابات کیلئے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے اور اب ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے لئے نامزدگی کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی ریاست میں بڑھتی ہوئی کورونا کیسزکی تعداد کے پیش نظر ریاستی حکومت نے ریاست کےتمام اضلاع میں بھی احتیاطی طور پر دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ اب انتخابی مہم کے دوران پانچ سے زیادہ افراد ایک جگہ جمع نہیں ہوسکیں گے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری اونیش کمار اوستی نے تمام ضلع مجسٹریٹ ، ایس پی اور ایس ایس پی کو کورونا پروٹوکول پر سختی سے پیروی کرانے کا حکم دیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کووڈ -19 کے انفیکشن کے پیش نظر پرضوابط پر سختی سے پیروی کی جائے اور پنچایت انتخابات انتہائی احتیاط کے ساتھ کروائے جائیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے عوامی تقریب میں 100 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی لگانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے پیر کو کہا کہ کووڈ-19 کے نئے فعال انفیکشن کی شرح بہت زیادہ ہے ،لہٰذا احتیاط برتنے کیضرورت ہے۔ لہٰذااس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ عوامی تقریبات میں 100 سے زیادہ افراد جمع نہ ہوں۔ سی ایم یوگی نے لکھنؤ ، کانپور نگر ، پریاگ راج ، وارانسی اور گورکھپور میں اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت دی اور کہا کہ جن اضلاع میں کووڈ -19 کے 100 سے زیادہ معاملات ہیں وہاں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا انفیکشن کی بے قابو رفتار کا سلسلہ جاری ہے۔ تیزی سے بڑھ رہےکورونا مریضوں کے درمیان دہلی کے اسپتالوں میںبیڈس اور وینٹی لیٹر کی مانگ بڑھتی جا رہی ہے۔ دہلی حکومت کے سب سے بڑے کورونا اسپتال رہے لوک نائک اسپتال میں کورونا مریضوں کے لئے 50 وینٹی لیٹر تھے ، جن میں سے اس وقت صرف ایک وینٹی لیٹر خالی ہے۔وہیں مرکزی حکومت کے ایمس ٹروما سینٹر میں71 وینٹی لیٹروں میں سے صرف 12 خالی ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ بڑے سرکاری اسپتالوں کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔ دہلی کے راجندر نگر میں ایک رہائشی اسکول کورونا کا ہاٹ اسپاٹ بن کر سامنے آیا ہے۔ یہاں پہلے پرنسپل کورونا کی گرفت میں آئی ، اس کے بعد سات طالبات بھی کورونا سے متاثر ہوگئیں۔ راجندر نگر میں واقع اس اسکول کا نام آریہ کنیا ودیالیہ ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ نولڑکیوں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا ، جس میں سے سات طالبات کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔
ہماچل پردیش کے چمبا ضلع واقع ڈلہوزی ریسورٹ میں ایک مشہور پبلک اسکول کے کم از کم 99 طلبا کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اس اسکول کے 23 ملازمین بھی کورونا پازیٹو ہیں ۔
دیں اثناء ممبئی میں لاک ڈاؤن کے امکان کے درمیان ، لوک مانئے تلک ٹرمینس ریلوے اسٹیشن اور چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس پر زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دونوں اسٹیشنوں پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد یوپی اور بہار جانے کے لئے نکل پڑے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ انتباہ کے بعد خاص طور پر شمالی ہندوستان سے آئے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ممبئی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔