نئی دہلی۔ جنوری: بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قومی صدر جمال صدیقی نے انڈیا گیٹ کا نام بدل کر ‘بھارت ماتا دوار’ رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمال صدیقی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ تبدیلی ملک کے 10 ہزار شہید جوانوں کو حقیقی خراج عقیدت ہوگی۔انہوں نے کہا، "آپ نے ظالم مغل کے نام پر بنی اورنگزیب روڈ کا نام بدل کر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام روڈ رکھا۔ انڈیا گیٹ پر لگی جارج پنجم کی مورتی ہٹاکر نیتا جی سبھاش چندر بوس کی مورتی نصب کی۔ راج پتھ کا نام کَرتویہ پتھ کیا۔ اسی طرح انڈیا گیٹ کا نام بدل کر بھارت ماتا دُوَار رکھیں۔ بتادیں کہ انڈیا گیٹ دہلی میں واقع ایک وار میموریل (یادگار) ہے جو پہلی جنگ عظیم اور افغان جنگ میں شہید ہونے والے بھارتی فوجیوں کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا۔ 1914 سے 1921 کے دوران پہلی جنگ عظیم اور تیسری افغان جنگ میں 70 ہزار سے زائد بھارتی فوجی شہید ہوئے تھے۔ انڈیا گیٹ پر 13516 فوجیوں کے نام درج ہیں، جن میں سے بہت سے برٹش انڈیا کے فوجی تھے۔انڈیا گیٹ کی تعمیر 1921 میں شروع ہوئی اور 1931 میں مکمل ہوئی۔ اسے برطانوی آرکیٹیکٹ سر ایڈون لوٹینز نے ڈیزائن کیا تھا۔ انڈیا گیٹ کی بلندی 42 میٹر ہے اور یہ سرخ اور ہلکے پیلے سینڈ اسٹون (بالو پتھر) سے بنایا گیا ہے۔1971 کی بھارت-پاکستان جنگ کے بعد انڈیا گیٹ پر امر جوان جیوتی شامل کی گئی، جو گمنام شہید فوجیوں کی یاد میں ہمیشہ جلتی رہتی ہے۔ اس کے اوپری حصے میں "INDIA” لکھا ہوا ہے اور نیچے ایک کتبہ ہے جس پر شہید فوجیوں کی قربانیوں کا ذکر ہے۔انڈیا گیٹ آزادی ہند کی جدوجہد اور بعد کے دور کے شہداء کی قربانیوں کی علامت ہے۔ 2019 میں انڈیا گیٹ کے قریب مسلح افواج کے شہداء کی عزت میں ایک نیا نیشنل وار میموریل بھی تعمیر کیا گیا ہے۔