نئ دہلی (ایجنسی) ارکان پارلیمنٹ اب پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں کسی قسم کا دھرنا نہیں دے سکیں گے۔ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی مودی کی طرف سے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ممبران پارلیمنٹ کو کسی بھی قسم کے مظاہرے، دھرنا، ہڑتال، اپواس یا کسی بھی مذہبی پروگرام کے مقصد کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس کے لیے تمام اراکین پارلیمنٹ سے تعاون کی توقع ہے۔ کانگریس کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے ٹویٹ کرکے اس پر طنز کیا ہے۔ رمیش نے کہا ہے کہ یہ وشو گرو کا نیا مشورہ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دھرنا (خوف) منع ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ پارلیمنٹ کا مانسون سیشن 18 جولائی سے شروع ہو رہا ہے اور اس سے ٹھیک پہلے آنے والے اس حکم کے خلاف زبردست احتجاج شروع ہو گیا ہے