ممبئی: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ایم ایل اے ابو اعظمی کو بدھ کے روز مہاراشٹر اسمبلی سے معطل کر دیا گیا کیونکہ ان کے حالیہ متنازعہ ریمارکس میں مغل حکمران اورنگزیب کی تعریف کی گئی تھی۔ مہاراشٹرا کے ایس پی صدر کی معطلی جاری ریاستی بجٹ سیشن کے درمیان ہوئی ہے، اور اطلاعات کے مطابق، وہ اجلاس کے اختتام تک ایوان سے معطل رہیں گے۔
مہاراشٹر حکومت کے وزیر چندرکانت پاٹل نے ابو اعظمی کو اسمبلی اجلاس سے معطل کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ بی جے پی لیڈر سدھیر منگنٹیوار نے کہا کہ اعظمی کو مقننہ سے ہٹایا جانا چاہئے اور صرف ایک اجلاس کے لئے معطل نہیں کیا جانا چاہئے۔ چھترپتی شیواجی قابل احترام ہیں اور ہم ان کی توہین کرنے والوں کو آسانی سے نہیں چھوڑ سکتے۔
تاہم چندرکانت پاٹل نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ایم ایل اے کو ایک سے زیادہ سیشن کے لیے معطل نہیں کیا جا سکتا۔ ہم اس بات کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی بنائیں گے کہ آیا اعظمی کو بطور ایم ایل اے ان کی رکنیت سے معطل کیا جا سکتا ہے یا نہیں؟